اسلام آبادہائیکورٹ نے امریکی شہری سنتھیا رچی اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی مقدمات اندراج کے کیسز واپس لینے کی درخواستیں منظور کرلیں۔
امریکی شہری سنتھیارچی اور رحمان ملک نے ایک دوسرے کے خلاف کیسز واپس لینے کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی تھیں۔
سنتھیارچی کے وکیل نے مؤقف اپنایا تھا کہ اُن کی موکلہ نے رحمان ملک پر زیادتی کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔
جب کہ رحمان ملک کے وکلا نے بھی سنتھیا ڈی رچی پر اندراج مقدمے کی درخواست واپس لینے کی استدعا کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سنتھیا رچی اور رحمان ملک کی درخواستیں منظور کرلیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں 10 سال سے قیام پزیر امریکی خاتون سنتھیا رچی نے چند روز قبل پہلے پیپلز پارٹی کی سابق سربراہ بے نظیر بھٹو پر الزامات عائد کیے اور پھر سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ یوسف رضا گیلانی اور مخدو شہاب الدین پر دست درازی کے الزامات عائد کیے۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی تھی اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کیا تھا۔