تازہ تر ین

چیلنج کرتا ہوں بے شک فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پربراہ راست دکھایاجائے : وزیراعظم

وانا : وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن ہونی چاہیے، بے شک فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پربراہ راست دکھایا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیرستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پارٹی سربراہوں کو بٹھا کر کیس سننا چاہیے، فارن فنڈنگ کیس اٹھانے پر اپوزیشن کا شکرگزار ہوں، ساری دنیا میں سیاسی جماعتیں فنڈ ریزنگ کرتی ہیں ، یہ سب کے سامنے آنا چاہیے کہ تحریک انصاف اور اپوزیشن کی فنڈنگ کہاں سے ہوئی ،  اپوزیشن جماعتیں بتائیں انہوں نے پیسہ کہاں سے اکٹھا کیا۔
وزیراعظم نےکہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ سیاسی فنڈ ریزنگ صرف تحریک انصاف نے کی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے بھیجے گئے ترسیلات زر سے ملک چلتا ہے، میں نے شوکت خانم اسپتال کی فنڈنگ سمندر پار پاکستانیوں سے لی، ان جماعتوں کو معلوم ہے اور مجھے بھی پتہ ہے کہ فارن فنڈنگ کونسی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کئی ممالک ان جماعتوں کو پیسے دیتے رہے،ان ممالک سے تعلقات کی وجہ سے میں ان کا نام نہیں لینا چاہتاہوں ۔
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان مدرسوں کے بچوں کو استعمال کرکے حکومتوں کو بلیک میل کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کی اربوں روپے کی جائیداد کہاں سے آئی، مولانا فضل الرحمن  این آر او کےلیے بلیک میل کررہے ہیں ۔  یہ ہماری عوام کی سیاسی سوچ کو نہیں سمجھتے، ہماری عوام سمجھدار ہیں،وہ کسی کی چوری بچانے کےلیے نہیں نکلیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اصلاحات کرنا تھیں جس میں دیر ہوئی،اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں کو ساتھ ملائے بغیر کچھ نہیں کرسکتے،پارلیمانی جمہوریت میں بھی بھاری اکثریت کے بغیراصلاحات نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود ہم نے خرچے کم کرنا تھے، آمدنی بڑھانا تھی، خرچے کم کرنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کورونا کے باوجود ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا، فیصل آباد اورسیالکوٹ میں مزدور نہیں مل رہے، معاشی بدحالی اور کورونا کے باوجود ہمارے معاشی اشاریئے دیگر ممالک سے بہتر ہیں ۔وانا کو ہمیشہ سے نظرانداز کیا گیا ہے اب ترقی کی طرف لے کر جائیں گے۔
واضح  رہے کہ وزیراعظم عمران خان  وزیرستان کے ایک روزہ دورے پر ہیں ۔ وزیراعلی خیبرپختونخواہ محمود خان، صوبائی کابینہ کے اراکین ، گورنر شاہ فرمان، علی امین گنڈاپور، ثانیہ نشتر معاون خصوصی عثمان ڈار اور شہباز گل بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں  ۔  

اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain