تازہ تر ین

احسان اللہ احسان کے فرار میں چند فوجی ملوث ،کارروائی شروع کردی:ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ طالبان ترجمان احسان اللہ احسان کے فرار میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع ہوچکی ہے، نئی امریکا انتظامیہ طالبان سے مذاکرات پرغورکررہی ہے، بھارت کی تمام فوجی نقل وحرکت پر ہماری نظر ہے، سعودی عرب کے ساتھ فوجی سطح پر اچھے تعلقات ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ احسان اللہ احسان کا فرارہوجانا ایک بہت سنگین معاملہ تھا اور اس پر مکمل تحقیقات کے بعداس کے ذمہ دار فوجی افسروں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’احسان اللہ احسان کی دوبارہ گرفتاری کی کوششیں بھی جاری ہیں لیکن فی الوقت انھیں علم نہیں ہے کہ احسان اللہ احسان کہاں ہیں،گذشتہ دنوں تحریک طالبان کے سابق ترجمان کی جانب سے نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی کو ٹوئٹر پر دھمکی کے بارے میں ایک سوال پر فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ان کی معلومات کے مطابق جس ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ملالہ کو دھمکی دی گئی وہ ایک جعلی اکاؤنٹ تھا۔

انہوں نے مزید کہا بھارت کی تمام فوجی نقل و حرکت پر ہماری نظر ہے اور پاکستان ان خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں اب دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے نہیں ہیں لیکن چند عناصر موجود ہیں جو دوبارہ فعال ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں بیرونی ایجنسیوں کی جانب سے اسلحے اور مالی معاونت کی جا رہی ہے۔

افغان امن عمل پر بات کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ افغان طالبان مذاکرات کے معاملے پہ غور کر رہی ہے اور پاکستان کا اس معاملے پر یہی موقف ہے کہ افغانستان میں امن کے قیام کے لیے مذاکرات جاری رہنے چاہییں اور اس میں تعطل بالکل نہیں آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان امن مذاکرات کا حامی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے فوجی سطح پر اچھے تعلقات ہیں اور پاکستان کے ٹریننگ سینٹر سعودی عرب میں موجود ہیں لیکن ان کا یمن تنازعے سے کوئی تعلق نہیں ہے،سابق آرمی چیف راحیل شریف کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وہ ابھی سعودی عرب میں ہی ہیں اور اپنی عہدے پر موجود ہے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain