تازہ تر ین

وزیراعظم نے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا،منصوبے کے پہلے فیز میں 1300ارب کے وسائل پیدا ہونگے:عمران خان

لاہور : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی لانچنگ کیلئے تیار ہیں ، جب ملک میں مشکل وقت آتا ہے تو ہٹ کر فیصلے اور سوچنا پڑتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعظم عمران خان نے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے، آج صبح قطر کیساتھ ایل این جی کا نیا معاہدہ طے ہواہے، ہر سال اس معاہدے کے تحت 300ملین ڈالر کی بچت ہوگی، پچھلے ایک سال سے قطر کیساتھ معاہدے کی کوشش کررہے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ملک میں مشکل وقت آتا ہے تو ہٹ کر فیصلے اور سوچنا پڑتا ہے، اسوقت پاکستان کو دو بڑے مسائل کا سامنا ہے، پاکستان کے پچھلے 10سال اندھیروں کی دہائی تھے ، امپورٹ اور ایکسپورٹ میں اتنا خسارہ تھا کہ باہر سے قرضے لینا پڑے، اس کی وجہ سے روپے پر دباؤ پڑا اور مہنگائی ہو گئی، ان مسئلوں سے نکلنے کیلئے اخراجات کم اور پیسہ بڑھانا ہے، ہمیں اپنی دولت بڑھانا ہوگی تاکہ قرضے واپس کرسکیں۔

وزیراعظم نے کہا سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کامنصوبہ پیسہ جنریٹ کرے گا، پہلے فیز میں 1300ارب روپے جنریٹ ہوں گے ، والٹن ایئرپورٹ ڈی نوٹیفائی ہوگا تو اطراف کاعلاقہ معاشی حب بن سکے گا۔

لاہور شہر کی صورتحال کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اونچی عمارتوں کی طرف جانا ہوگا، لاہور اتنی تیزی سے پھیلا ہے کہ منفی اثرات سامنے آرہےہیں، یہاں سب سے بڑا مسئلہ صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے، دوسرا مسئلہ سیوریج کا ہے جونیچے سندھ تک جارہاہے ، راوی سردیوں میں سکڑنے کی وجہ سے سیوریج کا نالا بن جاتاہے جبکہ دنیا میں ماڈرن شہر اوپرجاتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا والٹن ایئرپورٹ ڈی نوٹیفائی ہونےسے کمرشل سرگرمیاں 6ہزار ارب تک جاسکیں گی ، راوی سٹی سے بھی پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہا جارہاہے کہ یہاں درخت کٹ رہےہیں ، کسی نے آج تک پاکستان میں درخت لگانے کا نہیں سوچا تھا ، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انوائرمنٹلسٹ اپنے آپ کو سمجھتاہوں، بچپن میں چھانگا مانگا، چیچہ وطنی اور دنیاپور کے ریسٹ ہاؤس میں گیا ہوں ، بڑے بڑے جنگل ختم ہوگئے ،زمینوں پر قبضے ہوگئے، لاہور میں کوئی درخت نہیں کٹے گا جسے ہٹانا پڑا اس کی جگہ تبدیل کردیں گے۔

اوورسیزپاکستانیوں سے متعلق عمران خان نے کہا اوورسیزپاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، پاکستان کی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اوورسیز زیادہ انویسٹ کرتے ہیں، راوی اور والٹن کے منصوبوں پر اوورسیز پاکستانی کی دلچسپی زیادہ ہے، راوی اور والٹن کے منصوبوں سے پیسہ باہر سے آئےگا روپے پر دباؤ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار تنخواہ دار،مزدور طبقے کیلئے گھر بن رہےہیں، نیا ہاؤسنگ پروگرام میں بینکوں کو شامل کیا ہے ، تنخواہ دار، مزدور طبقہ صرف اپنے گھر کا خواب ہی دیکھتے تھے۔

پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ کیلئے اب تک تو صرف اسٹرکچر ہی تیارہورہاتھا، اب انشااللہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی لانچنگ کیلئے تیار ہیں ، بڑے پراجیکٹ کیلئے کم وقت میں تیاری پر خراج تحسین پیش کرتاہوں، لاہور اب ماڈرن سٹی کی طرف بڑھے گا۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain