52 سالہ امپائر نے اب تک 136 ٹیسٹ، 211 ون ڈے اور 53 ٹی ٹونٹی میچز میں امپائرنگ کی ہے
لاہور : پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایک اور اعزاز حاصل کرتے ہوئے 400 انٹرنیشنل میچز مکمل کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے، مایہ ناز امپائر نے 400 میچز مکمل کر لیے، اس طرح وہ دنیا کے نمبر ون امپائر بن گئے ہیں۔ علیم ڈار نے 136 ٹیسٹ، 211 ون ڈے اور 53 ٹی ٹونٹی میچز میں امپائرنگ کی،انہوں نے زیادہ ٹی ٹونٹی میچزمیں امپائرنگ کا احسن رضا کاریکارڈ بھی توڑ دیا۔
امپائرنگ میں 4 سنچریاں مکمل کرنے پر علیم ڈار نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین، پرستاروں اور میڈیا کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دوسری طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی 400 انٹرنیشنل مکمل کرنے پر پاکستانی امپائر علیم ڈار کو مبارکباد دی ہے۔