تازہ تر ین

مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس، ملک میں فوری مردم شماری کرانےکا فیصلہ

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں فوری طور پر مردم شماری کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران ہونے والے فیصلوں سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ 2017ء کی مردم شماری میں بہت سارے سوالیہ نشان ہیں۔ جب سوال اٹھائے جا رہے ہوں تو یہ ملکی یکجہتی کے لیے اچھی چیز نہیں ہے۔ مردم شماری پر اتفاق رائے ہونا چاہیے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ انتظار کے بجائے فوری اگلی مردم شماری کرانی ہے۔ اگلے چھ سے آٹھ ہفتے کے اندر نئی مردم شماری کا فریم ورک طے کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مردم شماری کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ مردم شماری کے حوالے سے بہترین طریقہ کار استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں اکثریتی رائے سے مردم شماری نتائج جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ نیا سروے اسی سال شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اہم فیصلہ اکثریت رائے سے کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے مردم شماری کے حق میں جبکہ سندھ کے وزیراعلیٰ نے خلاف ووٹ دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں انتظار نہیں کرنا بلکہ فوری اگلی مردم شماری کرانی ہے۔ ستمبر یا اکتوبر میں نئی مردم شماری کا عمل شروع ہو جائے گا۔ نئی مردم شماری کا عمل مارچ 2023ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھی مانتا ہے کہ نئی مردم شماری ہونی چاہیے۔ پچھلی مردم شماری پر سیاست، سیاست کھیلی جا رہی تھی اور کہا گیا کہ مٹی پاؤ، اگلی حکومت پر ڈال دو۔

اسدعمر نے کہا کہ مردم شماری کی بنیاد پرانتخابات کرائے جاتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے جو تحفظات، وہ ہمارے بھی ہیں۔ پچھلی مردم شماری کو کیسے ٹھیک کرنا ہے؟ کوئی طریقہ کار بھی بتا دے۔ نئی مردم شماری کے علاوہ علاج ہی کوئی نہیں ہے۔ نئی مردم شماری کے لیے بجٹ میں پیسے رکھیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف مردم شماری ہوگی تو شکوک وشہبات پیدا نہیں ہونگے۔ جن صوبائی حکومتوں نے مردم شماری کروائی، وہی سوال اٹھا رہے ہیں۔ شفافیت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain