پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جاوید لطیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین اور حق کی بات سے ڈر لگتا ہے تو غداری اور فتوے لگائے جاتے ہیں، اگر آئین کی سربلندی اور قانونی کی پاسداری غداری ہے تو یہ ہم بار بار کریں گے۔
شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے زیر حراست رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے گھر آمد کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جس نے آئین، پاکستان کے قانون اور حق کی بات کی اور وہ غدار کہلایا تو یاد رکھو پورا پاکستان غدار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غداری کا لقب جاوید لطیف کو نہیں دیا گیا بلکہ شیخوپورہ کے عوام کو غداری کا لقب دیا گیا ہے اور یہ غداری غداری کھیلنا بہت سال سے سنتے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب حق، آئین اور قانون، سچائی، بہادری سے ڈر لگتا ہے تو بیگ کھلتا ہے اور اس سے غداری کا لقب نکل آتا ہے، کبھی مذہب کا فتویٰ نکل آتا ہے اور کبھی اس سے چور اور ڈاکو کا لقب نکل آتا ہے۔