اسلام آباد: وفاقی حکومت نے غیر رجسٹرڈ صنعتی و کمرشل صارفین کے خلاف شکنجہ مزید سخت کردیا ہے جبکہ گھی و ککنگ آئل کے ساتھ ساتھ اسٹیل مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے ٹیکس میں ریلیف دیدیا ہے ۔
ایف بی آر نے سیلز ٹیکس میں غیر رجسٹرڈ اور ایف بی آر کی ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل نہ ہونے والے صنعتی و کمرشل صارفین کے بجلی اور گیس کے استعمال پر پانچ فیصد سے سترہ فیصد اضافی سیلز ٹیکس عائد کردیا ہے ۔ جبکہ اس سے پہلے ان نان رجسٹرڈ صنعتی و کمرشل صارفین پر پانچ فیصد اضافی ٹیکس عائد تھا جسے اب بڑھا دیا گیا ہے ۔
دوسری جانب اسٹیل سیکٹر اور ککنگ آئل و کھانے کے تیل کی سپلائی پر عائد ایک فیصد اضافی ٹیکس کی چھوٹ دیدی ہے ۔ اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے دو نوٹیفکیشن جاری کردیئے ہیں۔
پہلے نوٹیفکیشن1222(I)/2021 میں بتایا گیا ہے کہ 12 جون 2013 کو جاری کئے جانیو الے ایس آر نمبری 509(I)/2013 کی جگہ اب اس نئے ایس آر او کے مطابق ٹیکس لاگو ہونگے ۔
اس حوالے سے ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ دونوں نوٹیفکیشن کے بنیادی مقاصد ڈاکیومنٹیشن کو فروغ دے کر ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہے اور گھی و ککنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ اسٹیل مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانا ہے ۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ پہلے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ صنعتی صارفین کے بجلی و گیس کے استعمال پر سترہ فیصد اضافی سیلز ٹیکس لاگو ہوگا جبکہ کمرشل صارفین پر پانچ فیصد تا سترہ فیصد سیلز ٹیکس لاگو کیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس میں غیر رجسٹرڈ و ایف بی آر کی ایکٹو ٹیکس پییر لسٹ میں نہ شامل کمرشل صارفین کے دس ہزار روپے ماہانہ تک بجلی و گیس کے بلوں پر پانچ فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہوگا،دس ہزار ایک روپے سے 20ہزار روپے ماہانہ بجلی و گیس کے بلوں پر7 فیصد،20 ہزار ایک روپے سے 30ہزار روپے ماہانہ بجلی و گیس کے بلوں پردس فیصد،30 ہزار ایک روپے سے 40ہزار روپے ماہانہ بجلی و گیس کے بلوں پر12 فیصد،40 ہزار ایک روپے سے 50ہزار روپے ماہانہ بجلی و گیس کے بلوں پر15 فیصد، پچاس ہزار ایک روپے ماہانہ سے زائد کے بجلی و گیس کے کمرشل بلوں پر17 فیصد اضافی ٹیکس لاگو ہوگا ۔
اس حوالے سے ایف بی آرحکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے صنعتی و کمرشل صارفین کی سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن بڑھے گی اور ایف بی آر کی ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں کمرشل و صنعتی صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوگاجس سے ٹیکس ریونیو بڑھے گا ۔
ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ دوسرے نوٹیفکیشن نمبری 1223(I)/2013 میں بتایا گیا ہے کہ9 جولائی2013 کو جاری کردہ ایس آر او نمبری 648(I)/2013 میں ترمیم کرتے ہوئے مزید دو شعبوں کو شامل کرلیا گیا ہے جس کے ذریعے اسٹیل سیکٹر کی مصنوعات کی سپلائی پر عائد ایک فیصد ٹیکس کی چھوٹ دیدی گئی ہے ۔
اسی طرح ککنگ آئل اور گھی سمیت کھانے کے تیل کی سپلائیز پر بھی ایک فیصد اضافی ٹیکس کی چھوٹ دیدی گئی ہے ۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے گھی ، کھانے کے تیل سمیت اسٹیل مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوگی جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔