تازہ تر ین

کورونا کے خاتمہ تک قرضوں میں رعایت دی جائے‘ عالمی برادری غریب ممالک کی لوٹی دولت واپس کرائے: عمران خان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ویکسین کی مساوی دستیابی، غریب ملکوں کے قرضوں کی ادائیگی میں رعایت، کلائمیٹ فنانس میں اضافہ اور ترقی پذیر ممالک سے چرائی گئی دولت کی واپسی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے تاکہ کوویڈ۔ 19 کی وباسے بری طرح متاثرہ غریب ممالک کی معاشی بحالی میں مدد دی جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس آن ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ(یو این سی ٹی اے ڈی) کے بارباڈوس کی میزبانی میں منعقدہ 15ویں ورلڈ لیڈرز سمٹ ڈائیلاگ سے ورچوئل خطاب کے دوران کیا۔ ویکسین کی غیر مساوی دستیابی پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں ویکسین کی زیادہ سے زیادہ مساوی تقسیم کو یقینی بنائے۔ انہوں نے غریب ممالک کے قرضوں کی ادائیگی میں رعایت کے حوالہ سے اپنی مہم کا حوالہ دیتے ہوئے کوویڈ۔19 کی وباکے خاتمہ تک ترقی پذیر ممالک کے قرضوں میں رعایت کا مطالبہ بھی کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمہ کیلئے امیر ممالک پر زور دیا کہ وہ کلائمیٹ فنانس میں فی الفور اضافہ کریں تاکہ پاکستان سمیت چھوٹے، کم آمدنی والے اور ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے موجودہ مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر دنیا سے امیر ممالک کو کی جانے والی منی لانڈرنگ (رقوم کی غیر قانونی منتقلی) پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے اور سالانہ تقریبا ایک کھرب ڈالر ترقی پذیر ممالک سے امیر ممالک کو منتقل ہو رہے ہیں جو ٹیکس چوروں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ رقوم کی بیرون ملک غیر قانونی منتقلی کو روکنے کیلئے جامع اقدامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ایف اے سی ٹی آئی پینل کی تجاویز پر جلد از جلد عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ترقی پذیر ممالک مو ثر طریقہ سے غربت کے خاتمہ اور انسانی وسائل کی ترقی کو یقینی بنا سکیں۔ انہوں نے کینیا اور گیانا کے صدور اور یو این سی ٹی اے ڈی کے سیکرٹری جنرل سمیت اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کے سربراہوں کو دعوت دی کہ وہ خوشحال، ترقی میں اضافہ، وقت کی اہم ضرورت کے موضوع پر بین الاقوامی مذاکراہ میں شرکت کریں۔ واضح رہے کہ یو این سی ٹی اے ڈی کے تحت کانفرنس بارباڈوس میں 4 تا 7 اکتوبر 2021ءتک ہو رہی ہے جس میں غیر یقینی معاشی صورتحال، عوامی صحت اور اثرات سمیت کورونا وباکی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کم قیمت ہاؤسنگ منصوبے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،حکومت قرضوں کی فراہمی میں مزید آسانی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹینینٹ جنرل (ر) انور علی حیدر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔انہوں نے اتھارٹی کے تحت کم قیمت ہاؤسنگ کے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا، وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب پاکستان کے تحت بنکوں سے قرضوں کے حصول میں مزید آسانی آئے گی۔ وزیرِ اعظم نے جاری منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں اثاثہ جات مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے قیمتی قومی اثاثوں کے پیداواری استعمال کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پاکستان کے قیمتی تاریخی اور ثقافتی اثاثوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ملک میں سیاحت کے شعبے کی ترقی پر توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او ا?ئی) کو مو ثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنایا جا ئے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ کی طرف سے وزیراعظم کو ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے ملک میں عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم عمران خان سے وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق منگل کو یہاں وزیراعظم آفس میں وزیراعظم عمران خان سے وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain