گوجرہ موٹروے زیادتی کیس میں متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا۔
متاثرہ لڑکی کی جانب سے قلمبند کرائے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان بااثر ہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں مقامی پولیس کے رویے سے مطمئن نہیں ہوں۔
بیان کے مطابق حکام بالا سے مطالبہ ہے انصاف فراہم کیاجائے عدالت میں بیان ریکارڈکرانےکیلئےدرخواست دی ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی آر کے مطابق تین ملزمان حماد، رحمان اور لائبہ نے گارڈن ٹاؤن کی رہائشی اٹھارہ سالہ لڑکی کو نوکری کے انٹرویو کا جھانسہ دے کر کارمیں بیٹھایا اور فیصل آباد موٹر وے ایم فور پر ملزمان نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کے بعد ملزمان متاثرہ لڑکی کو فیصل آباد انٹر چینج پر پھینک کر فرار ہو گئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کی تھی۔
پولیس نے دو ملزمان حماد احمد اور رحمان کو گرفتار کیا تھا جبکہ زیادتی کے مقدمہ میں نامزد شریک ملزمہ لائبہ کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔
عدالت نے گرفتار دونوں ملزمان کو چار دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے ملزمان کو منگل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔