وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں 80 فیصد حلقوں کا فیصلہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں سے ہوگا اور اپوزیشن آئندہ الیکشن میں بھی شکست کے بعد دھاندلی کا شور مچائے گی۔
راولپنڈی میں کالج کے اپ گریڈیشن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 40 اور پورے ملک سے 80 حلقوں کا نتیجہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں سے ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کے وژن کے تحت وفاقی کابینہ نے اہم فیصلہ کیا ہے کہ تمام تبلیغی جماعتوں کو آن لائن ویزے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوادیا کیونکہ اوورسیز پاکستانی وہاں دن رات محنت کر کے پاکستان میں اپنے بچوں اور رشتہ داروں کو پیسے بھیج رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کے قیام پر زور دیتے ہیں لیکن مسیح برادری کو توقع رکھنی چاہیے کہ ریاست مدینہ میں دیگر مذاہب کا احترام لازمی جزو ہے اور ہم امن کی تعلیمات کو فروغ دیتے ہیں۔