واشنگٹن: امریکا کی مختلف ریاستوں میں تیز رفتار بگولوں نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا جس میں 50 افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاستوں کینٹکی، آرکنساس، الینوائے، میزوری اور ٹینیسی میں طوفان کی رفتار سے چلنے والے بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ کئی عمارتیں تباہ، ٹریفک کا نظام معطل اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
گورنر کینٹکی کا کہنا ہے کہ ایک طاقت ور بڑا بگولہ 110 افراد سے ٹکرایا ہے جس میں کم از کم بھی 50 ہلاکتوں کا خدشہ ہے جب کہ دیگر علاقوں میں صورت حال اچھی نہیں۔
اسی طرح ریاست آرکنساس میں 2 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے اور ریاست الینوئے میں ایمیزون ویئر ہاؤس کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
تمام ریاستوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔