ایف بی آر کے چار اعلیٰ افسران کا کروڑوں کے اسیکنڈل میں ملوث ہونیکا انکشاف

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ان لینڈر یونیو سروس کے چار اعلیٰ ترین افسران کے کروڑ وں روپے کے جعلی ٹیکس ریفنڈز اسیکنڈل میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب کے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب کےسوموٹو نوٹس کے ذریعے کی گئی تحقیقات کے مطابق ایف بی آر کے ان لینڈر یونیو کے گریڈ 21کے افسر اور چیف کمشنر کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور چوہدری محمد طارق جو اس وقت ایڈیشنل کمشنر آئی آر تعینات تھے، گریڈ 21کے ممبر بے نامی ایڈجیوکیٹنگ اتھارٹی سید ندیم حسین رضوی جو اس وقت چیف کمشنر سی آر ٹی او لاہور تعینات تھے اور اس وقت کے کمشنر سی آر ٹی او لاہور گریڈ 21کے افسرڈاکٹر سرمد قریشی اور اس وقت کے ڈپٹی کمشنر آئی آر اشفاق احمد چاروں افسران مجموعی طور پر 12کروڑ 33 لاکھ64 ہزار روپے کے جعلی ٹیکس ریفنڈز میں ملوث پائے گئے۔
تحقیقات کے مطابق میسرز چائنا نیشنل الیکٹرک وائر اینڈ کیبل امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن جو ایسوسی ایشن آف پرسنز کے طور پر رجسٹرڈ کمپنی ہے جس نے 2012 میں 2 کروڑ 61 لاکھ19ہزار روپے کے انکم ٹیکس ریفنڈ کا کیس دائر کیا نان ریذیڈنٹ کمپنی ہونے کے ناطے 2012کیلئے انکم ٹیکس ریفنڈز کا کلیمز ناقابل قبول ہونا چاہیے تھا۔
پوسٹ آڈٹ رپورٹ سے معلوم ہوا کہ مذکورہ کمپنی نے 2007، 2008، 2009اور 2011 میں ٹیکس ریفنڈ ز کلیمز دائر کیے جو بالترتیب دو کروڑ 67 لاکھ78 ہزار ، دوکروڑ 52 لاکھ 64 ہزار ، 7 کروڑ 11لاکھ51 ہزار ا ور ایک لاکھ70 ہزار روپے ہیں۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے ان افسران کو فوری طور پر موجودہ عہدوں سے ہٹانے اور ان کیخلاف فوجداری اور تادیبی کارروائی کرنے کی ایف بی آر کو ہدایت کی ہے۔

’معمولی غلطی پر ہاتھ کاٹ دیں گے‘، ایران کی اسرائیل کو میزائل فائر کرکے وارننگ

ایران نے فوجی مشقوں کے دوران 15 مختلف بیلسٹک میزائل فائر کرکے اسرائیل کو وارننگ دے دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے پانچ روزہ فوجی مشقوں کے دوران 15 مختلف بیلسٹک میزائل فائر کیے جسے ایرانی فوجی حکام نے اسرائیل کے لیے ایک وارننگ قرار دیا ہے۔
ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف کا کہنا تھا کہ یہ فوجی مشقیں صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے دھمکیوں کا جواب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشقوں کے دوران داغے گئے 16 میزائلوں نے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا جب کہ مشقوں کا حصہ بننے والے سیکڑوں ایرانی میزائل ایران پر حملہ کرنے کی جرات کرنے والے ملک کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایرانی جنرل کا کہنا تھا کہ فوجی مشقیں اسرائیلی ریاست کے لیے سنگین وارننگ ہیں لہٰذا ایران کے خلاف معمولی سے بھی غلط ہوئی تو ہم ان کے ہاتھ کاٹ دیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسرائیلی وزیراعظم نے الزام عائد کیا تھا کہ ایران جوہری مذاکرات کے معاملے پر بلیک میلنگ کررہا ہے لہٰذا عالمی برادری اس سے سختی سے پیش آئے اور اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ نے کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ایران پر کل حملہ کرسکتے ہیں۔

ڈائنوسار سے بھی قدیم، دیوقامت سمندری جانور دریافت

نیواڈا: امریکی سائنسدانوں نے نیواڈا کے پہاڑوں میں ایک ایسے دیوقامت سمندری جانور کے رکازات (فوسلز) دریافت کیے ہیں جو تقریباً 24 کروڑ سال قدیم ہیں۔ اس کی کھوپڑی چھ فٹ سے بھی زیادہ لمبی ہے جس کی بنیاد پر ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ یہ سمندری جانور کم از کم 56 فٹ لمبا رہا ہوگا۔

اس قدیم و معدوم جانور کا تعلق سمندری جانوروں کے ’اکتھیوسار‘ (Ichthyosaur) قبیلے سے ہے جسے ’سمندری ڈائنوسار‘ بھی کہا جاتا ہے۔ تاہم اب تک اکتھیوسارز کے رکازات بہت کم ملے ہیں جو اگرچہ 25 کروڑ سال پرانے ہیں لیکن جسامت میں خاصے کم ہیں۔

نو دریافتہ اکتھیوسار، جسے ’سمبوشپونڈائلس ینگورم‘ (Cymbospondylus youngorum) کا نام دیا گیا ہے، ان سب سے جسامت میں بڑا ہونے کے علاوہ ڈائنوساروں سے زیادہ قدیم بھی ہے۔

دیوقامت ڈائنوسار کے سب سے پرانے رکاز 21 کروڑ 50 لاکھ سال قدیم ہیں لیکن یہ اکتھیوسار ان کے مقابلے میں بھی ڈھائی کروڑ سال قدیم ہے۔

’ینگورم‘ کے رکازات 2011 میں دریافت ہوئے تھے جو خاصی حد تک مکمل کھوپڑی کے علاوہ کندھوں اور ریڑھ کی ادھوری ہڈیوں پر مشتمل تھے۔

انہیں نیواڈا کے آگسٹا پہاڑ میں رکازات کے حوالے سے خصوصی شہرت رکھنے والی ایک وسیع چٹان کی کھدائی میں برآمد کیا گیا تھا۔

طویل عرصے کی محتاط چھان بین اور تجزیئے کے بعد، آخرکار ماہرین یہ جاننے میں کامیاب ہوگئے ہیں کہ ’ینگورم‘ کا ارتقاء خشکی پر چلنے والے کسی جانور سے ہوا تھا لیکن یہ ڈائنوسار سے بہت مختلف تھا۔

یہ 24 کروڑ 70 لاکھ سال سے 23 کروڑ 70 لاکھ سال تک قدیم ہے جس کی لمبائی تقریباً 56 فٹ رہی ہوگی۔ اب تک اتنی بڑی جسامت والا اتنا قدیم جانور کوئی اور دریافت نہیں ہوا ہے۔

سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں 2 افراد جاں بحق، 7زخمی

ریاض:  حوثی باغیوں کے سعودی شہر جازان پر میزائل حملے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی شہر جازان کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے جب کہ حملے کے نتیجے میں ایک صنعتی ورکشاپ کو بھی نقصان پہنچا ہے، جاں بحق افراد میں سے ایک کا تعلق یمن جب کہ دوسرا سعودی شہری ہے۔

دوسری جانب عرب اتحادی افواج کے مطابق اس سے قبل نجران شہر میں بھی میزائل حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا جب کہ حملوں کے بعد اتحادی افواج کی جوابی کارروائی میں بیلسٹک میزائل کے 4 ڈپو اور ڈرونز تباہ کردیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی نئی تنظیم کا اعلان کردیا

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنی سیاست جماعت کی نئی تنظیم کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شکست کے بعد گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کا تنظیمی ڈھانچہ تحلیل کر دیا تھا۔

اب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کی نئی تنظیم کا اعلان کر دیا ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ اسد عمر پاکستان تحریک انصاف کے نئے سیکرٹری جنرل ہوں گے جبکہ عمران خان نے عامر محمود کیانی کو پارٹی کا ایڈیشنل سیکرٹری جنرل نامزد کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پرویز خٹک خیبر پختونخواہ، علی زیدی سندھ، قاسم سوری بلوچستان، شفقت محمود پنجاب اور خسرو بختیار جنوبی پنجاب کے صدور ہوں گے۔

میشا شفیع کیخلاف مقدمہ کے اخراج کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کیخلاف مقدمہ کے اخراج کیلئے درخواست پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم نے میشا شفیع کی درخواست پر سماعت کی، جس میں گلوکارہ نے اپنے خلاف ایف آئی اے کے مقدمے کو چیلنج کیا۔
سماعت کے دوران میشا شفیع کی وکیل حنا جیلانی نے اعتراض اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ اداکار علی ظفر نے مقدمہ درج کرایا تاکہ سیشن کورٹ میں ہتک عزت کے دعویٰ پراثر انداز ہوا جا سکے۔ میشا کا مؤقف سنے بغیر مقدمہ درج کیا گیا۔

قائد اعظم کے نظریات کی پیروی پاکستان کو درپیش چیلنجز کا واحد حل ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور ان پر قابو پانے کا واحد حل قائداعظم محمد علی جناب کے اتحاد، ایمان اور نظم کے نظریات پر عمل پیرا ہونا ہے۔

بابائے قوم محمد علی جناح کے 146ویں یومِ پیدائش پر ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ جناح کی ایمانداری، محنت، استقامت اور ایک بڑے مقصد کے لیے لگن نے انہیں ہمارا عظیم لیڈر یعنی قائداعظم بنایا، ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد کے وژن کے مطابق ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے اور غریب اور پسماندہ شہریوں کی مدد کرنے والے نظام کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا جہاں تمام شہری عقیدے کی آزادی، پیشہ اور مساوی مواقعوں کا حق رکھتے ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کا بڑے چیلنجز اور مخالفتوں کے باوجود قوم کو متحد کرنے کا عزم ان کی ثابت قدمی سے ہی ممکن ہوا، مشکلات اور چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے انہوں نے اللہ تعالیٰ پر پختہ یقین اور نبی اکرم ﷺ کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے جو قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی صورت میں ایسی ریاست کی تشکیل ممکن بنائی جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی اور کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔

بابر اعظم نے رکی پونٹنگ کا 16 سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مایہ ناز آسٹریلوی کرکٹر رکی پونٹنگ کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
رکی پونٹنگ سال کے آخر میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ دونوں میں نمبر ون ہونے کا ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں، انہوں نے 2005 میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ اب 16 برس بعد بابر اعظم نے رکی پونٹنگ کا یہ ریکارڈ برابر کر دیا، رواں برس بابر اعظم کی آئی سی سی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بادشاہت برقرار ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ جاری کی تھی، ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں کپتان بابراعظم ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ دوسری جانب بابر اعظم ون ڈے میں بھی ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں۔

پاکستانی سیاستدان بیان بازی پر زندہ، مسائل پارلیمنٹ میں نہیں اٹھاتے۔ رپورٹ: ستار خان

ہماری سیاست میں بیان بازی کو بہت اہم سمجھا جاتا ہے اور سمجھا یہ جاتا ہے کہ اکثر سیاست دان بیان بازی پر زندہ ہیں۔ مسائل کو میڈیاپر لایا جاتا ہے اور بار بار رگیدا جاتا ہے۔ اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں نہیں لایا جاتا۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر جماعت بیان بازی میں نمبر لے جانے کی کوشش کرتی ہے۔ ن لیگ ہو یا پیپلزپارٹی یا حکومتی وزراءبان بازی میں نمبر لے جانے کی کوشش میں ہوتے اگر کسی ایک بھی مسئلہ کو لیا جائے تو ایک پارٹی اگر درجنوں کے حساب سے بیان دیتی ہے تو دوسری سینکڑوں کے حساب سے جواب دینا اپنا فرض سمجھتی ہے۔پارلیمنٹ میں جاکر مسائل اجاگر کرنے کے بجائے پریس کانفرنس کرتے ہیں میڈیا پر گفتگو کرتے ہیں یا جلدی میں مخالفین پر وار کرتے ہیں۔ حکومتی وزراءسے حکومتی کارکردگی مہنگائی کی بات کریں تو اصل ایشوز سے ہٹ کر ایک ہی رٹ لگاتے ہیں حکومت کی کارکردگی گزشتہ حکومتوں سے بہتر رہی ہے۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں اور اپنی مدت پوری کرے گی اور آیندہ الیکشن بھی جیتیں گے اور حکومت ہم ہی ہیں۔ اپوزیشن ہر روز ایک ہی قسم کے بیان دیتی ہے۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور اس حکومت کو جلد گھر بھیج دیں گے۔ اپوزیشن بھی سڑکوں پر سیاست کرتی ہے۔ مسائل کو پارلیمنٹ میں نہیں اٹھایا جاتا۔ عوام کو بے وقوف بنانے کا رواج ہر ملک میں ہے۔ ٹرمپ الیکشن ہار گئے جوبائیڈن جیت کر برسراقتدار ہوگئے۔ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد 100 دن کے اندر 511 بار غلط بیانی اور اسی طرح جوبائیڈن پر بھی غلط بیانیوں کا الزام ہے کہ انہوں نے 100 دن کے اندر 58 بار غلط بیانی کی مگر امریکہ میں ان کے جھوٹ پکڑے یہاں پاکستان میں سیاستدانوں کے جھوٹ پکڑے نہیں جاتے اور وہ اپنی صفائی میں مزید جھوٹ بول کر جان چھڑا لیتے ہیں۔

قائداعظم کا یوم پیدائش: مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

بابائے قوم کے یوم ولادت کے موقع پر بانی پاکستان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پی ایم اے کے کیڈٹس نے مزار قائد پر سکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔
بانی پاکستان کو قوم کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل عمر احمد بخاری نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مزار قائد پر پھول چڑھائے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
خیال رہے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سال میں تین بار، 14 اگست، 6 ستمبر اور 25 دسمبرکو منعقد ہوتی ہے۔