جسٹس عائشہ ملک کا نام سپریم کورٹ میں تقرری کےلیے دوبارہ تجویز

چیف جسٹس گلزار احمد نے ایک بار پھر پہلی خاتون جج سپریم کورٹ لانے کے لیے جسٹس عائشہ ملک کا نام تجویز کر دیا۔
چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ایک بار پھر پہلی خاتون جج سپریم کورٹ لانے کے لیے جسٹس عائشہ ملک کا نام تجویز کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 6 جنوری کو ہوگا جس میں جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ لانے پر ایک بار پھر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ستمبر میں ہونے والے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں 4، 4 کے تناسب سے جسٹس عائشہ ملک کے نام کی منظوری نہیں ہوسکی تھی۔

ضلع کورنگی میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے نظام کا افتتاح کردیا گیا

کراچی کے ضلع کورنگی میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے نظام کا افتتاح کردیا گیا۔
وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ضلع کورنگی میں گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کے نظام کا افتتاح کردیا، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیرِ انتظام ضلع کورنگی کے تمام علاقوں میں ہر گھر سے کچرا اٹھانے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں اور اس نظام کو چلانے کے لئے گینسو( Gansu) کنسٹرکشن ہیوی انڈسٹری ٹیکنالوجی پاکستان کو ٹھیکا دیا گیا ہے۔
ضلع کورنگی سے روزانہ تقریباً 2 ہزار ٹن کچرا اٹھانے سمیت سڑکوں، بازاروں اور گلیوں کی صفائی کے انتظام کے لئے افرادی قوت کے ساتھ ساتھ جدید مشینری بھی استعمال کی جائے گی، اس عمل کا آغاز کورنگی انڈسٹریل ایریا سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جارہا ہے جب کہ اگلے تین ماہ میں پورے ضلع کورنگی میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے اس نظام کو مکمل فعال کردیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم کراچی میں صفائی کے نظام کو اعلیٰ معیار پر استوار کرنے کے لئے محنت سے کام کررہی ہے اور اب پورا کراچی صاف ستھرا نظر آئے گا۔

آریان کی ضمانت کے بعد شاہ رخ خان کا فلموں سے متعلق بڑا فیصلہ

بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان نے منشیات کیس میں بیٹے آریان خان کو ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد زیرِ التوا فلمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایک بھارتی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان بیٹے آریان خان کو رہائی اور ہفتہ وار حاضری سے استثنیٰ ملنے کے بعد پُرسکون ہوگئے ہیں اور انہوں نے اب دوبارہ فلم نگری کی طرف لوٹنے کا ارادہ کرلیا ہے۔
شاہ رخ خان بہت جلد سلمان خان اور کترینہ کیف کی نئی آنے والی فلم ’ٹائیگر 3‘ میں ایک خصوصی سین کی شوٹنگ کے لیے ممبئی کے یاش راج اسٹوڈیو کا دورہ کریں گے۔ اداکار کے لیے 12 روز کا شیڈول طے کیا گیا ہے۔
اس کے بعد شاہ رخ خان اپنی نئی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے ایک گانے کی شوٹنگ کے لیے اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور دیگر کے ہمراہ بیرون ملک جائیں گے جہاں گانے کے علاوہ فلم کے کچھ خاص لمحات کی شوٹنگ بھی متوقع ہے۔

شدید سردی کے باوجود گیس پریشر میں کمی سے بلوچستان بھر کے صارفین اذیت کا شکار

کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگرعلاقوں میں سردی کے باوجود گیس پریشرمیں کمی اور دیگرمسائل نے صارفین کو پریشان کر رکھا ہے، دوسری جانب سوئی سدرن کمپنی کو گیس چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث مالی خسارے کا سامنا ہے۔
کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان آج کل شدید سردی کی لیپٹ میں ہے جس کے باعث عام دنوں کی نسبت لوگوں کو گیس کی شدید ضرورت ہے تاکہ گھریلو ضروریات کے ساتھ ساتھ سردی سے بھی بچ سکیں مگرصارفین گیس پریشرکی کمی، زیادہ بلنگ اور نئے گیس میٹر کے حصول میں دشواری جیسے کئی مسائل سے دوچارہیں۔
گیس پریشر کا مسئلہ حل کرنے کے لئے تین ارب روپے کی لاگت سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں نئی پائپ لائنیں بچھانے کا کام زیر تکمیل ہے۔ ایس ایس جی سی حکام کا کہنا ہے کہ تقریبا 80 فیصد صارفین کے میٹر ٹیمپرڈ ہیں۔ گیس چوری سے ہرسال کمپنی کو ساڑھے 16 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ایک لاکھ 48 ہزار صارفین بل ہی ادا نہیں کرتے۔
دوسری جانب گیس کمپنی حکام کے مطابق گیس کے موجودہ ذخائرمیں تیزی سے کمی آ رہی ہے اور نئے ذخائردریافت نہیں ہوئے۔

کسی کو بھی ٹکٹ دینے کا فیصلہ مقامی قیادت نہیں کرے گی، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کسی کو بھی ٹکٹ دینے کا فیصلہ مقامی قیادت نہیں کرے گی۔

نیوز بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کے پی کے میں پارٹی کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہارکیا ہے۔اس بات پربھی شدید ناراضی کا اظہار کیا گیا کہ ٹکٹ خاندانوں میں بانٹے گئے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تحریک انصاف کی تمام تنظیموں کوتحلیل کرکے نئی کمیٹی بنا کرپارٹی کا نیا تنظیمی ڈھانچہ تشکیل دیا ہے۔ تحریک انصاف کے سوا اور کوئی جماعت اتنے ٹکٹ نہیں دے سکتی۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے انتخابات میں جیسے نتائج ملنا چاہیئے تھے ویسے نظرنہیں آئے۔ تحریک انصاف کے تمام آرگنائزرز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ نئی کمیٹی میں مرکزی قیادت شامل ہوگی جوآئین پر کام کرے گی اور وزیراعظم کورپورٹ پیش کرے گی۔

فواد چودھری کا کہنا ہے کہ آج کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پرویز خٹک سے بلدیاتی انتخابات پربات ہوئی۔ خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ذمہ داری وزیراعلیٰ کے پی کو دی گئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ویلیج کونسل کے نتائج میں اب تک تحریک انصاف صوبے کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ پی ٹی آئی خاندانی سیاست والی جماعت نہیں ہے۔ وزیراعظم ہم سے یہ امید کرتے ہیں کہ ہم ملکی مفاد کیلئے اپنے فرائض انجام دیں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف قومی وفاقی جماعت کا درجہ رکھتی ہے۔ تحریک انصاف متاثر ہوئی تو پاکستان کی سیاست متاثرہوگی۔ پی ٹی آئی کے متاثر ہونے سے ملک ٹکڑوں میں بٹ جائے گا۔

انھوں نے مذید کہا کہ عمران خان کا پورے پاکستان میں ووٹ بنک ہے۔ پیپلزپارٹی سندھ اور ن لیگ صرف پنجاب کی جماعت ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا کلچر ہماری جماعت میں آجائے تو فرق نہیں رہے گا۔  تحریک انصاف کو بہ طور بڑی جماعت اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ابو ظہبی میں بغیر ڈرائیور سفری سہولت کا آغاز

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں بغیر ڈرائیور ٹٰیکسی سروس کا آغاز کیا گیا ہے جس میں تمام جدید ٹینالوجی موجود ہیں۔

رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں نئی ٹیکسی سروس شروع کی گئی جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے جبکہ انہیں چلانے کے لیے بھی کسی ڈرائیور کی بھی ضرورت نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ ٹیکسی سروس ابوظہبی کے تفریحی مقام یاس آئی لینڈ میں متعارف کروائی گئی ہے جبکہ یہ سروس 24 گھنٹے شہریوں کو دستیاب ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق اس ٹیکسی سروس کی بکنگ آن لائن کروائی جاسکے گی جس کے لیے گوگل پلے اسٹور اور آئی او ایس پر خصوصی ایپ بھی موجود ہے۔

حکام کے مطابق یاس آئی لینڈ میں اس ٹیکسی سروس کا پہلا مرحلہ شروع کیا گیا ہے جس کے آغاز میں مسافروں کے لیے ایپ کا استعمال مفت رکھا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابھی خود کار ٹیکسی سروس نو مقامات پر چلائی جائے گی جس کے بعد دوسرے مرحلے میں مزید 10 گاڑیاں مختلف علاقوں میں بھی چلائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق خود کار ٹیکسی سروس مکمل طور پر ہائبرڈ الیکٹرک کاروں پر مشتمل ہے جس کی وجہ سے کاربن کے اخراج کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اب عام آدمی بھی قسطوں پر اپنا گھر لے سکتا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب عام آدمی بھی  قسطوں پر اپنا گھر لے سکتا ہے۔

میرا گھر ہاؤسنگ قرضہ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام  ملک کو اوپر لے کر جائے گا جب کہ اب عام آدمی بھی  قسطوں پر اپنا گھر لے سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ممالک میں  تنخواہ دار طبقے کو ہر بینک گھر بنانے کیلئے قرضہ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی  میں تنخواہ دار  اور مزدور طبقے کا کسی نے نہیں سوچا،پہلی بار کم آمدن والے لوگوں کو گھر بنانے کا موقع ملے گا۔

عمران خان نے کہا کہ چھوٹے طبقے  کو سہولیات میسر نہیں ہوں گی تو ملک  آگے نہیں بڑھ سکتا جب کہ بھار ت میں بھی امیر اور غریب میں بہت زیادہ فرق ہے۔

انکا کہنا تھا کہ چین سپر پاور اس لیے بنا کیوں کہ انہوں نے نچلے طبقے کا سوچا لیکن ہمارے ملک کا مسئلہ یہ ہے کہ حکومتیں عام لوگوں کا سوچتی ہی نہیں ہیں۔

ہربجھن سنگھ نے کرکٹ سے مکمل ریٹائرمنٹ لے لی

بھارت کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

ہربجھن سنگھ نے 1998 میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا اور 103 ٹیسٹ، 236 ایک روزہ اور 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے، تینوں فارمیٹس میں 711 وکٹیں حاصل کیں اور 2011 کا ون ڈے ورلڈ کپ اور 2007 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا ہے۔

ہربجھن سنگھ نے 2016 میں آخری بار ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کے لیے کھیلا تھا، اور 2021 میں آخری بار اس سال کے آغاز میں آئی پی ایل میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔

ہربجھن سنگھ نے انیل کمبلے، کپل دیو اور آر اشون کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کے چوتھے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی کے طور پر اپنا کیریئر ختم کیا۔

ہربھجن سنگھ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آپ کی زندگی میں ایک وقت ایسا آتا ہے جب آپ کو کچھ سخت فیصلے لینے ہوں گے اور آگے بڑھنا ہوگا۔

میں پچھلے کچھ سالوں سے یہ اعلان کرنے کا سوچ رہا تھا، لیکن میں آپ سب کے ساتھ اسے شیئر کرنے کے لیے صحیح وقت کا انتظار کر رہا تھا آج میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔

دوسری جانب ہربجھن سنگھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ شیئر کرنت ہوئے کہا کہ میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے اس 23 سالہ طویل سفر کو خوبصورت اور یادگار بنایا۔

خیال رہے کہ ہربھجن سنگھ گزشتہ 6 برس سے بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

انہوں نے آج باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی نیوکلیئر تنصیبات کو 24 گھنٹے میں نشانہ بنا سکتے ہیں: نامزد اسرائیلی ائیرچیف

اسرائیل کے نامزد ائیرفورس چیف نے کہا ہے کہ اسرائیل کسی بھی وقت ایرانی نیو کلیئر تنصیبات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق میجر جنرل تومر بار نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل ایران کی نیوکلیئر تنصیبات کو 24 گھنٹے میں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تومر بار کو آئندہ اپریل میں اسرائیلی ائیر فورس کی کمان سنبھالنی ہے، تومر کا کہنا تھا کہ ان پر جو ذمہ داری ڈالی جانی ہے اسے وہ بوجھ سمجھتے ہیں۔ تومر نے مزید کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ انہی کی کمان میں ایران پر حملہ ہو گا، ایسے حکم کی شدت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ ایران پر حملے کی صورت میں حزب اللہ اسرائیل پر حملے کرے گی، آئندہ لڑائی میں حزب اللہ کو ایسا نقصان پہنچائیں گے جس کا وہ تصور نہیں کر سکتی۔

پریانتھا قتل کیس میں زیر حراست 64 ملزمان رہا

سیالکوٹ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں بے دردی سے قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا سے متعلق کیس میں زیر حراست 64 ملزمان کو رہا کر دیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی ویڈیوز کا جائزہ لینے کے بعد 149 زیر حراست ملزمان میں سے 64 کو رہا کر دیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ رہا کیے گئے افراد سی سی ٹی وی ویڈیو میں بھاگتے ہوئے دیکھائی دیے تھے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس وقت 85 ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے، تمام 85 ملزمان کا فارنزک ٹیسٹ مکمل ہو گیا ہے اور ملزمان جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 28 دسمبر کو 18 ملزمان کو دوبارہ گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ 67 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے 3 جنوری کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے سینیٹ اجلاس میں آج پریانتھا کمارا کے قتل کے حوالے سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔