ٹرمپ نے جمہوری اداروں پر حملہ کیا:نو منتخب صدر جو با ئیڈن

امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمہوری اداروں پر حملہ کیا۔ صدر ٹرمپ نے امریکی ووٹرز کی آواز کو دبانے کی کوشش کی۔

نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے خطاب میں کہا کہ گزشتہ روز کانگریس کی عمارت پر حملہ ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔

جوبائیڈن نے پولیس کے رویے پر بھی تنقید کہا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹرمپ کے حامیوں سے نرم برتاؤ رکھتی ہے لیکن نسل پرستی کے خلاف مظاہرین سے سختی برتی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلیک امریکن مظاہرین سے کسی اور طرح سے نمٹا جائے گا، ملکی عزت، سالمیت اور آزادی کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

نومنتخب امریکی صدر  کا کہنا تھا کہ کیپیٹل ہل حملے میں ملوث افراد مقامی دہشت گرد ہیں۔

انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان آئے گی

انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے مطابق  ویمنز ورلڈ چیمپئن ٹیم 2 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچز کھیلنے پاکستان آئے گی، دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے،  یہ دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز اسی روز کھیلے جائیں گےجب انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رہی ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق مسلسل دو روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے یہ کُل چاروں میچز( 2 مینز ٹیموں کے اور 2 ویمنز ٹیموں کے)ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر منعقد ہوں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی عالمی چیمپئن ٹیم کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آخری مرتبہ گزشتہ سال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں مدمقابل آئی تھیں، آسٹریلیا میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دی تھی، پاکستان نے سال 2019 میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی ملائیشیا میں میزبانی کی تھی، جہاں مہمان ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز 0-2 سے جبکہ ون ڈے سیریز 0-3 سےجیت لی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ خواتین کرکٹ کی عالمی چیمپیئن انگلینڈ ویمنز ٹیم کی پہلی مرتبہ پاکستان آمد دنیا بھر خصوصاََ ہمارے خطے میں خواتین کرکٹ کےفروغ کے لیے ایک بڑا اور اہم اعلان ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعلان پاکستان اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تعلقات کی مضبوطی اور ان میں موجوداعتماد کی واضح مثال ہے ، کووویڈ 19 کی وباء کے باوجود گزشتہ سال سے ملک میں جاری انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچز کے کامیاب انعقاد نےبھی دیگر بورڈز کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

پاکستان کی نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو مبارکباد

پاکستان نے نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو ووٹوں کی گنتی کے بعد فتح کی تصدیق پر مبارکباد دی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے واقعات پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں، امید ہے کہ امریکا میں اقتدار کی منتقلی کا معاملہ جلد حل ہو گا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بیٹھنا اسکی انسانی حقوق کیخلاف وزریوں کے تناظرمیں مضحکہ خیز ہوگا، پراعتماد ہیں کہ دیگرمستقل اراکین بھارت کوغیرمستقل نشست پرنہیں بیٹھنےدیں گے۔

کلیئر پولوسیک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مردوں کے میچ میں پہلی خاتون امپائر بن گئیں

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی کلیئر پولوسیک ٹیسٹ کرکٹ کی 144 سالہ تاریخ میں مردوں کے میچ میں امپائرنگ کا حصہ بننے والی پہلی خاتون بن گئیں۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 32 سالہ پولوسیک نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میچ میں چوتھے متبادل امپائر کے طور پر شامل ہو کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

کلیئر پولوسیک نے گزشتہ برس اپریل میں ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو کے فائنل میں نمیبیا اور عمان کے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے تھے۔

اس سے قبل دسمبر 2018 میں بگ بیش کے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور میلبورن اسٹارز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں کلیئرپولوسیک اور ایلوئز شیریڈن میچ میں ایک ساتھ آن فیلڈ امپائرنگ کرنے والی پہلی خواتین بن گئی تھیں۔

کلیئر پولوسیک 2017 میں جے ایل ٹی کپ کے دوران آسٹریلیا کے مینز ڈومیسٹک مقابلوں میں پہلی خاتون امپائر بن گئی تھیں۔

لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ 3 مقدمات سے بری

کراچی کی عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کو تین مقدمات سے بری کر دیا۔

عدالت نے قرار دیاکہ استغاثہ عذیر بلوچ کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی، عزیر بلوچ پر  پولیس مقابلہ، اقدام قتل، ہنگامہ کے تین مقدمات تھے۔ شریک ملزمان ان مقدمات میں پہلے ہی بری ہوچکے ہیں۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوڈیشل کمپلیکس کی عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کے تین مقدمات کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ بناء شواہد کے ملزم کو سزا نہیں دے سکتی، پراسیکیوشن ملزم کے خلاف گواہ پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، ملزم کسی اور کیس میں نامزد نہ ہو تو جیل سے رہا کیا جائے۔

خیال رہے کہ یکم اپریل 2012 کو تھانہ کلاکوٹ میں پولیس مقابلہ، اقدام قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

 عذیر بلوچ پر 50 سے زائد مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔

پاکستان کی روایتی ہتھیاروں کو لیجانے والے راکٹ کی کامیاب لانچنگ

پاکستان نے روایتی ہتھیاروں کو لے جانے والے راکٹ کو چلانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے مقامی طور پر تیار کیے گئے ملٹی راکٹ لانچ ‘فتح 1’ کا کامیاب مظاہرہ کیا جو روایتی ہتھیاروں کو 140 کلو میٹر تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تجربہ پاک آرمی کی دشمن کے علاقے میں ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرے گا۔

صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے کامیاب تجربے پر مسلح افواج اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث گریمی ایوارڈز بھی ملتوی

لاس اینجلس :دنیا بھرکی نگاہوں کا مرکز رکھنے والے عالمی ایوارڈز” گریمی ” کی تقریب کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سےملتوی کردی گئی ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لاس اینجلس میں دنیائے موسیقی کے 63 ویں سالانہ گریمی ایوارڈز 2021 کی رنگا رنگ تقریب  31 جنوری  کے بجائے اب  14 مارچ کو منعقد کی جائے گی ۔ منتظمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صحت کے ماہرین، میزبان اور فنکاروں سے بات چیت کے بعد گریمی ایوارڈ کی تقریب کوملتوی کرنے  کا فیصلہ کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاس اینجلس میں کورونا کیسز کی تشویش ناک صورتحال کے باعث گریمی ایوارڈ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارے نزدیک میوزک کمیونٹی اور ان سینکڑوں لوگوں کی حفاظت سے زیادہ کچھ اہم نہیں جو اس شو کی تیاری میں شریک ہوتے  ہیں۔
ایوارڈز شوکی تقریب کے ملتوی ہونے کی سب سے پہلے اطلاع معروف مصنفہ رولنگ اسٹون کی جانب س ایک پروگرام میں سامنے آئی ۔ ایوارڈزملتوی ہونے سےہالی وڈکے ایک اوربڑے میلے کی رونقیں ماند پڑگئی ہیں ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل  اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب بھی کورونا کے باعث 28 فروری کے بجائے 25اپریل تک موخر کی گئی تھی  ۔

پاکستان ایسی دھرتی ہے جہاں ہمارے شہیدوں کو بھی احتجاج کرناپڑتاہے، بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سانحہ مچھ کےخلاف کوئٹہ میں جاری دھرنے میں پہنچ گئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے دھرنے سے خطاب میں کہا کہ میں اس سانحہ پر ہزارہ بہن بھائیوں کو کیا کہہ سکتاہوں، پاکستان ایسی دھرتی ہے جہاں ہمارے شہیدوں کو بھی احتجاج کرناپڑتاہے، پاکستان میں سب کچھ منہگا ہوچکا، مزدور،سیاسی کارکن ،وکلاء کا خون سستاہوچکا ، 1999سے اب تک ہمارے 2 ہزار لوگ شہید ہوچکےہیں،کسی کو انصاف نہیں ملا۔

بلاول نے کہا کہ آپ لوگ اپنے شہیدوں کےساتھ احتجاج کررہےہیں، میں بھی ایک شہیدوں کےخاندان سےہوں،ہم بھی آج تک اپنے شہیدوں کو انصاف نہیں دلاسکے، جب تک زندہ رہوں گا،یہی کوشش ہوگی ہمارے غریب عوام کو جینےدیاجائے، جو ملک میں سب سے زیادہ محب وطن ہیں وہ سامنے بیٹھے ہیں، ان لوگوں کو انصاف نہیں دلواسکےتو باقی کسی کو کیا انصاف دلوائیں گے۔

قاسم سلیمانی کا قتل، ڈونلڈ ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری

عراق کی عدالت نے امریکی صدر ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق عدالت نےایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کےقتل کےالزام میں ٹرمپ کےوارنٹ جاری کیے۔

جنرل قاسم سلیمانی گذشتہ جنوری میں بغداد ائیرپورٹ پرامریکی ڈرون حملے میں مارےگئےتھے۔

لڑکی 30 سال تک شادی کے بغیر بھی خوش رہ سکتی ہے، مہوش حیات

اداکارہ مہوش حیات نے پہلی بار سوشل میڈیا پر اپنی عمر بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی لڑکی 30 سال کی عمر تک شادی کیے بغیر اور بچوں کے علاوہ بھی خوش زندگی گزار سکتی ہے۔

مہوش حیات کو ان کے بولڈ انداز اور کھری باتیں کرنے کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے اور حال ہی میں انہوں نے اپنی 33 ویں سالگرہ پر سوشل میڈیا پر بھی کھری پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے مختلف سماجی مسائل پر کھل کر بات کی۔

مہوش حیات نے 6 جنوری کو انسٹاگرام پر اپنی سالگرہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پہلی بار کھل کر تصدیق کی کہ وہ 33 سال کی ہوگئیں۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کی عمر سے متعلق وکی پیڈیا غلط معلومات فراہم کرتا ہے۔

مہوش حیات نے سالگرہ کی پوسٹ میں سال 2020 کے واقعات اور مسائل پر بھی کھل کر بات کی اور لکھا کہ پچھلے سال نے انہیں کافی کچھ دیا اور انہوں نے بہت سارا وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزارا۔

انہوں نے لکھا کہ انہوں نے اہل خانہ کے ساتھ نیٹ فلیکس پر فلمیں دیکھیں، گیمز کھیلے، والدہ اور بہن کے ساتھ وقت گزارا، ساتھ ہی مہوش حیات نے لکھا کہ اہل خانہ کے علاوہ اس دنیا میں کوئی بھی چیز قیمتی نہیں۔

مہوش حیات نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آج کل کے دور میں لڑکی 30 سال تک شادی کیے بغیر اور بچوں کے علاوہ بھی خوش رہ سکتی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ سماجی تبدیلیوں کے لیے بھی نظام کو بدلنا چاہیے۔