اداکار علی رحمٰن میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران اب پاکستان میں یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد میں کچھ حد تک ٹھہراؤ تو آیا ہے لیکن اب بھی عوام کے وبا سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

اور اب پاکستانی اداکار علی رحمٰن خان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور وہ اس وقت آئسولیشن میں ہیں۔

اداکار علی رحمٰن خان نے اپنے مداحوں کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں دی۔

مزید پڑھیں: ماہرہ خان بھی کورونا وائرس سے متاثر

انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں علی رحمٰن خان نے لکھا کہ انتہائی محتاط رہنے اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے باوجود بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ‘میں نے خود سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کو آگاہ کردیا ہے اور الحمدللہ وہ سب محفوظ ہیں’۔

اداکار نے مزید کہا کہ ‘ برائے مہربانی مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، ماسک پہنیں، خود کے لیے اور اپنے اردگرد موجود لوگوں کے لیے ایس او پیز(اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز) پر عمل کریں’۔

علی رحمٰن خان نے کہا کہ میں امید اور دعا کرتا ہوں کہ آپ اور آپ کے اہلخانہ محفوظ رہیں۔

خیال رہے کہ سال 2020 میں پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

دسمبر میں اداکارہ ماہرہ خان اور لیجنڈ ادیب انور مقصود میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ان سے قبل اداکار بہروز سبزواری میں نومبر کے آخر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طبیعت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے ضیاء الدین ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور انہیں 9 دسمبر کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لیجنڈ ادیب انور مقصود بھی کورونا وائرس سے متاثر

بہروز سبزواری کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے ایک دن قبل ہی اداکارہ نیلم منیر نے بھی تصدیق کی تھی کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

نیلم منیر سے قبل میزبان و رکن اسمبلی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ میزبان و اداکارہ طوبیٰ عامر میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ 6 جنوری کی شام تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 92 ہزار 594 ہوگئی تھی جس میں سے 91 فیصد یعنی 4 لاکھ 48 ہزار 393 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 461 تک پہنچ گئی تھی۔

احساس پروگرام کامیابی کے بعد دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہوگا، وزیراعظم

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کامیابی کے بعد پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں احساس، “کوئی بھوکا نہ سوئے” اقدامات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ احساس کے ذریعے غذائی قلت کے خطرے سے دوچار علاقوں کی نشاندہی کرکے کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو احساس ڈونر مینیجمنٹ سسٹم پر بھی بریفنگ دی اور کہا کہ انفرادی اور اداروں کی سطح پر مرضی کے مطابق ڈونیشن دینے اور خرچ کی تفصیل خودکار اور ڈیجیٹل طریقے سے ڈونر تک جا سکے گی جبکہ اس نظام کی مکمل تیاری کے بعد اس کا آغاز رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام تک کر دیا جائے گا

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم  عمران خان نے مستحق افراد کو کھانا فراہم کرنے کیلئے پیش کی گئی تجاویز کو سراہا

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لوگ معاشی مشکلات کا شکار ہو کر دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں، ایسے علاقوں کی نشاندہی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔

جامع منصوبہ بندی سے ایسا نظام لایا جائے جس سے مستحقین تک رسائی براہ راست اور آسان ہو جبکہ احساس “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کامیابی کے بعد پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہوگا۔

مصباح کو ہیڈکوچ سے ہٹانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹيم کے ہيڈکوچ مصباح الحق کی کارکردگی کے حوالے جائزہ لیا جارہا ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈکوچ بننے کے بعد ٹیم کی مسلسل ناکامیوں پر مصباح الحق کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

پی سی بی حکام کی جانب سے انگلینڈ کے سابق ہیڈ کوچ اینڈی فلاور اور بھارت کو ورلڈ کپ جیتوانے والے کوچ گیری کرسٹن کے بارے سے رابطے کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کیخلاف اننگز اور 176رنز کی ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم 5 میں سے ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکی۔

واضح رہے کہ سال آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے بعد مصباح کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں تاہم بعدازاں ان سے چیف سلیکٹر کا عہدہ لےکر سابق کرکٹر محمد وسیم کے سپرد کردیا گیا تھا

اسامہ ستی کی ہلاکت کے چار دن بعد آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ

انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس عامرذوالفقار کو تبدیل کردیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں مبینہ جعلی مقابلے میں نوجوان اسامہ ستی کی ہلاکت کے چار دن بعد آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ کردیا گیا۔ دو جنوری کو اسلام آباد میں مشکوک مقابلے کے نتیجے میں اسامہ ستی کی ہلاکت سے پہلے بھی قتل اور ڈکیتی سمیت جرائم کی کئی وارداتیں ہوئی تھیں۔

ان کی جگہ قاضی جمیل الرحمان نئے آئی جی اسلام آباد تعینات کردیے گئے ہیں۔

جمیل الرحمان کی بطور نئے آئی جی اسلام آباد تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ قاضی جمیل الرحمان اس سے پہلے خیبرپختونخوا میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔

سی پیک خطے کی ترقی اور خوشحالی کا ظامن ہے، مراد سعید

وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ  سی پیک خطے کی ترقی اور خوشحالی کا ظامن ہے۔

تفصیلات کے مطابق  وفاقی وزیر مراد سعید سے چینی سفیر  نے نونگ رونگ نے ملاقات کی۔

چینی سفیر نے سی پیک کے دو اہم پراجیکٹس کے مکمل ہونے ہر خوشی کا اظہار اور شکریہ ادا کیا۔سی پیک کے اہم منصوبے ہکلا ڈی آئی خان کو جون کے آخری ہفتے ٹریفک کے لیے کھولنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے چینی سفیر کو سی پیک کے موجودہ حکومت کے ژوب کچلاک منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مغربی روٹ ڈی آئی خان ژوب ، سوات موٹروے ،دیر چترال اور پشاور ڈی آئی خان کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔

مراد سعید نے کہا کہ سی پیک خطے کی ترقی اور خوشحالی کا ظامن ہے، ان منصوبوں سے روزگار کے مواقع معیشت کی ترقی اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔

چینی سفیر نے عمران خان کے غربت کے خاتمے کی کوشش کو سراہا۔

فریقین نے پاکستان پوسٹ اور چائنہ پوسٹ کے اشتراک کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔ پاکستان پوسٹ کو علی پے کے تجربے کی مدد اور ای کامرس پورٹل بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو گئی۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے چین کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے، ایف اے ٹی ایف اور خاص کر کشمیر ایشو پر ہر فورم پہ سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

احتساب قانون کے مطابق نہیں ہوگا تو نیب کیخلاف ایکشن لیں گے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: باغ ابن قاسم کرپشن کیس میں سپریم کورٹ نے ڈاکٹر ڈنشاہ کی ضمانت منظور کرلی۔

سپریم کورٹ نے باغ ابن قاسم کرپشن کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نے ریمارکس دیے کہ اس ملک کے ساتھ نیب کیا کر رہا ہے، اس سکینڈل کے اصل ملزم پر نیب نے ہاتھ نہیں ڈالا، نیب کے پاس اپنی مرضی سے کام کرنے کا اختیار نہیں، نیب نے اپنی مرضی کرنی ہے تو سیکش 9 میں ترمیم کرے پھر جو مرضی کرے۔

جس پر پراسیکیوٹر جنرل نے جواب دیا کہ نیب اپنی مرضی نہیں کرتا، ملزم کو پکڑ کر 24 گھنٹوں میں احتساب عدالت میں پیش کردیا جاتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ نیب ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے نہ لگائے، چھوٹے افسران کو پکڑ لیا اصل فائدہ لینے والے کو نہیں پکڑتے ہیں اور ملزم کو چھوڑنے کا الزام سپریم کورٹ پر آ تا ہے،  ملک کو بچانا ہے یا نہیں، کرتا نیب ہے بھگتی سپریم کورٹ ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہم نیب سے مطمئن نہیں ہیں، نیب کو کام سے کون روکتا ہے ہمیں بتائیں تاکہ اسے پکڑیں، نیب کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کسی نے مجھ پر مہربانی کی تو میں اس پر مہربانی کروں، نیب کو بہادری اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

عدالت نے کہا کہ نیب کی کارکردگی رپورٹ پڑی ہے، نیب نے اربوں روپے اکھٹے کیے ہیں، نیب پر سرکار کا ہی نہیں ہر طرف سے دباؤ ہوتا لیکن قانون کا اطلاق سب پر برابر ہونا چاہیے اور احتساب بھی قانون کے مطابق ہونا چاہیے،  احتساب قانون کے مطابق نہیں ہوگا تو ادارے کیخلاف ایکشن لیں گے۔

جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نیب بڑے آدمی پر ہاتھ نہیں ڈالتا لیکن  بکری چور پانچ سال جیل جاتا ہے۔ جسٹس مظاہر علی نقوی نے کہا کہ نیب سرکاری افسروں کو سب پہلے گرفتار کر لیتا ہے لیکن نیب جس کیخلاف شواہد ہوں اسے گرفتار نہیں کرتا، پہلا ریفرنس دوسرا ریفرنس یہ کیا مذاق بنایا ہوا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے اوپر کوئی دباؤ نہیں کوئی کام سے نہیں روکتا اور ڈاکٹر ڈنشاہ کی درخواست ضمانت کی مخالفت نہیں کریں گے۔ بعد ازاں عدالت نے ڈاکٹر ڈنشاہ کی ضمانت منظور کرلی۔

پشاور میں دستی بم پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق

پشاور: کوہاٹ روڈ پر دستی بم پھٹنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے اور تین زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دستی بم پھٹنے کا واقعہ کوہاٹ روڈ پر زنگلی کے علاقے میں پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دستی بم پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوئے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا ہے کہ دستی بم ھماکے کے 3 زخمی اسپتال لائے گئے، زخمیوں کی عمریں 5 سال، 12 سال اور 14 سال ہے، ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے۔

مچھ واقعہ: وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ جانے کا اعلان کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ جانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا مچھ واقعہ پر لواحقین سے تعزیت کے لئے جلد جاؤں گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ درخواست ہے شہدا کی تدفین کی جائے، شہداء کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں۔

 

کرسٹیانو رونالڈو انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی شخصیت بن گئے

پرتگال کے نامور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے نا صرف فٹ بال کی دنیا میں اپنا نام بنایا بلکہ اب انہوں نے انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی شخصیت بن کر ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے انسٹاگرام پر دنیا میں سب سے فالوورز ہیں جن کی تعداد 251 ملین ہو گئی ہے۔

اس حوالے سے فٹ بالر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ ‘کیا حیرت انگیز نمبر ہے، آپ سب کا بہت شکریہ، آپ لوگ میرے اس سفر کا حصہ ہیں‘۔

دوسری جانب امریکی جریدے فوربز کے مطابق فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈ انسٹاگرام پر ایک اسپانسر پوسٹ شیئر کرنے کا 10 لاکھ امریکی ڈالر معاوضہ لیتے ہیں۔

انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی شخصیت میں کرسٹیانو رونالڈو کے بعد دوسرے نمبر پر گلوکارہ آریانا گرانڈے آتی ہیں جن کے 214 ملین فالوورز ہیں۔

علاوہ ازیں انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی تیسری شخصیت ڈوین جانسن ہیں جنہیں انسٹاگرام پر 210 ملین صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

نواز شریف کا تختہ الٹنے کے لئے جو کھیل کھیلا گیا اس کا ایک ایک مہرہ سامنے آگیا:مریم نواز

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ براڈ شیٹ کمپنی کو نواز شریف کے خلاف مقدمات ڈھونڈنے کیلئے 2 کروڑ 87 لاکھ ڈالر ادا کئے گئے پھر بھی نا اہلی کیلئے اقامے اور سزا کیلئے جج ارشد ملک کا سہارا لینا پڑا

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹنے اورانھیں انتخابی اور سیاسی میدان سے باہر رکھنے کے لیے جو مکروہ کھیل کھیلا گیا اور جو خطرناک سازش رچائی گئی اس کا ایک ایک مہرہ سامنے آ رہا ہے۔

مریم نواز شریف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ خدائی دعوے کرنے والے بھول جاتے ہیں کہ کائنات کا نظام رب چلاتا ہے۔ سازشیوں کا یومِ حساب قریب ہے، انشاءاللہ۔