پشاور: (ڈیلی خبریں) خیبرپختونخوا میں رواں مالی سال کے بجٹ میں سو فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کے باوجود نصف سال میں ترقیاتی بجٹ کا صرف چوتھائی حصہ ہی خرچ ہوسکا، صوبے میں متعدد محکمے ایک پائی بھی خرچ نہ کرسکے۔ خیبرپختونخوا میں جاری مالی سال 2021-22 کے نصف سال کے دوران 371 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سے صرف 89 ارب 23 کروڑ سے زائد روپے خرچ ہوسکے۔ محکمہ خزانہ کی دستاویزکے مطابق حکومت کی جانب سے بندوبستی اضلاع کے 270 ارب میں سے 162 ارب 82 کروڑ روپےجاری ہوئے جس میں سے صرف 70 ارب 23 کروڑ روپے خرچ ہوئے، ضم اضلاع کے لیے مختص 100 ارب 41 کروڑ میں سے 45 ارب سے زائد جاری ہوئے جبکہ صرف 19 ارب روپے ہی خرچ کیے جاسکے۔ ضم شدہ اضلاع میں قومی مالیاتی ایوارڈ کے تین فیصد کے مطابق ملنے والی 34 ارب 65 کروڑ کی رقم میں سے کچھ بھی خرچ نہیں کیا جاسکا، ضلعی اے ڈی پی، ماحولیات، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور دیگر محکمے ایک پائی بھی خرچ نہ کرسکے۔