کراچی: (ڈیلی خبریں) گورنر سندھ عمران اسمائیل کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ساڑھے تین سال سے کوئی مارچ نہیں کر پائی، حزب اختلاف حکومت کے جانے کی روز نئی تاریخ دیتی ہے، رضا باقر کو ہر شخص نے شک کی نظر سے دیکھا، کہا گیا یہ آئی ایم ایف کے ایجنٹ ہیں لیکن وقت نے ثابت کیا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی کا فیصلہ درست تھا۔
کراچی میں فیوچر سمٹ کانفرنس سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کرپشن نے پاکستان کے سسٹم کو تباہ کیا، شہباز شریف کے کلرک کے اکاونٹ سے 4 ارب روپے نکل آتے ہیں اور وہ کہتے ہیں مجھے کیا پتا، تاریخ پر تاریخ آتی ہے کہ اب حکومت جا رہی ہے، ان اعلانات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروع ہوتا ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر کام پر شک کرنے کی عادت ہے، گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی کے فیصلے پر بھی شک کیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ حکومت کے اخراجات آمدن سے زیادہ ہیں، کورونا کے باوجود معیشت بہتر رہی، معاشی چیلنجز کے باعث عالمی اداروں کے آگے ہاتھ پھیلانا پڑا، ملک میں کورونا کے اثرات دیگر ممالک کے مقابلے میں کم رہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت درآمدات پر منحصر کرتی ہیں، عالمی سطح پر مہنگائی کا اثر ملک پر بھی پڑ رہا ہے، ہمیں برآمدات اور بچت کی شرح کو بڑھانا ہے۔