ممبئی: (ڈیلی خبریں) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار ارجن کپوراور ملائکہ اروڑا نے 4 سال بعد راہیں جدا کرلیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا گزشتہ 4 برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے۔ تاہم اب دونوں نے اپنے دیرینہ تعلق کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 6 روز سے ملائکہ اپنے گھر سے باہر نہیں آئی ہیں۔ ایسا لگتا ہے انہوں نے خود کو گھر میں بند کرلیا ہے۔ میڈیا میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ارجن کپور سے تعلق ختم کرنے کے بعد ملائکہ اروڑا بہت زیادہ دکھی ہیں اس لیے وہ گھر سے باہر نہیں آرہی ہیں۔
وہیں دوسری جانب ارجن کپور بھی گزشتہ کئی روز سے ملائکہ سے ملنے ان کے گھر نہیں گئے ہیں۔ تین روز قبل وہ اپنی بہن ریحاکپور کے گھر ڈنر پر گئے تھے۔ ریحا کپور اور ملائکہ اروڑا کے گھر بہت قریب ہیں لیکن ارجن کپور، ریحا کپور کے گھر سے ڈنر کرنے کے بعد ملائکہ اروڑا سے ملنے نہیں گئے۔ دونوں ایک دوسرے کو مکمل طور پر نظر انداز کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا نے 1998 میں سلمان خان کے بھائی ارباز خان سے شادی کی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا ہے۔ بعد ازاں اس شادی کا اختتام 2016 میں ہوا تھا۔ دونوں میں علیحدگی کی وجہ بھی ارجن کپور کو ہی قرارد یا جارہا تھا۔ لیکن بہت عرصے تک ارجن اور ملائکہ نے اپنے رشتے کو پبلک نہیں کیا تھا۔
بعد ازاں دونوں نے 2019 میں اپنے تعلق کی تصدیق کردی تھی۔ میڈیا میں ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور دونوں کو عمر کے درمیان فرق کی وجہ سے کئی بار تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاچکا ہے۔