لاہور: (ڈیلی خبریں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کیس میں انتہائی اہم پیش رفت سامنے آئی اور سی آئی اے پولیس نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی راؤ سردار علی خان خود اس کیس کی نگرانی کر رہے تھے ، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے 16 ٹیمیں ملزمان کو ٹریس کرنے اور گرفتار کرنے کیلئے تشکیل دیں تھیں ۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رات گئے سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 10 مختلف مقامات پر چھاپے مارے ، ملزمان کو شاہدرہ کے علاقے سے خفیہ آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ کل صبح ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا کہ اس سے قبل پولیس نے لیگی ایم پی اے پر فائرنگ کے کیس میں متعدد لوگوں کو شامل تفتیش کیا تھا ، واقعہ کے مرکزی دونوں سہولت کار ساجد اور فخر عالم اسلحہ ڈیلر کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ، آئی جی پنجاب کی ہدایت پر اس کیس میں ملوث دیگر افراد سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے ۔
خیال رہے کہ بلال یاسین پر موہنی روڈ لاہور پر دو موٹر سائیکل سوار شوٹرز نے 30 دسمبر کی رات کو فائرنگ کی تھی ۔