پی پی پی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ ہر ماہ بجلی مہنگی کر کے عوام پر بم گرایا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پیپلز پارٹی کی سندھ کونسل کا وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں فریال تالپور، صوبائی صدر نثار کھوڑو، وزیر اعلیٰ سندھ اور کابینہ کے وزراء نے شرکت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کونسل اجلاس میں اسلام آباد سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں 27 فروری کو مزار قائد سے لانگ مارچ کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
فریال تالپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس حکومت کی مہنگائی، بے روزگاری، ٹیکسز کی بھرمار سے بیزار ہوچکی ہے، ہر ماہ بجلی مہنگی کر کے عوام پر بم گرایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوریا کھاد کے بحران سے گندم کی فصل بہت کم ہوگی جس سے ایک اور بحران جنم لے گا، اس حکومت نے ایسے حالات پیدا کر کے خود عوام کو لانگ مارچ پر مجبور کردیا ہے مارچ میں خواتین بھی بھرپور شرکت کریں گی۔
پی پی پی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی امیدواروں سے 30 جنوری تک درخواستیں طلب کی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے، پیپلز پارٹی کا اس عوام دشمن پی ٹی آئی حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو مزار قائد کراچی سے س نااہل حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی شروعات ہوگی اور اسلام آباد پہنچ کر اپنے مقاصد حاصل کرلیں گے، پیپلز پارٹی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر کے اس پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کو بے نقاب کر کے گھر بھیجے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک سنگین بحران سے دوچار ہے اور پیپلز پارٹی ہی ملک کو بحران سے نکالے گی، اس بار بھی عوام اور پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان و رہنما آپس کے خلاف ختم کر کے ایک ہو کر آواز بنیں پھر کوئی ہمیں نہیں ہرا سکتا، پیپلز پارٹی ملک بھر بلدیاتی انتخابات سمیت عام انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملک میں زراعت کے سیکٹر کے ساتھ ظلم کیا گیا ہے جس وجہ سے کسان مصیبت میں ہیں، کسانوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے 21 جنوری 24 جنوری کو ملک بھر میں کسان مارچ ہوگا۔