رانچی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ میں ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی خوراک لگتے ہی وہ چلنے پھرنے اور بولنے کے قابل ہوگیا ہے۔
ضلع بوکارو سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ دلار چند کا چار سال قبل حادثہ ہوا تھا جس میں اس کی آواز چلی گئی اور وہ چلنے پھرنے کے بھی قابل نہیں رہا ۔ گزشتہ چار سال سے دلار چند بستر سے لگا ہوا تھا لیکن 4 جنوری کا دن اس کیلئے خوش قسمت ثابت ہوا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق دلار چند کو 4 جنوری کو کووی شیلڈ ویکسین کی پہلی خوراک لگائی گئی۔ دلار چند کا دعویٰ ہے کہ ویکسین لگتے ہی اس کی آواز لوٹ آئی اور وہ چلنے پھرنے کے بھی قابل ہوگیا ہے۔ دوسری جانب ضلعی ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ ویکسین کے اگلے ہی روز دلار چند کے جسم میں تبدیلیاں آنا شروع ہوگئی تھیں۔ اس کا کیس سٹڈی کرنے اور میڈیکل ریکارڈ کا جائزہ لینے کیلئے ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
