اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زرداری نے کہا ہے کہ مافیا کا بلدیاتی بل آئین کی روح کے برعکس ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو زرداری مافیا نے دھوکہ دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر علی زیدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یہ مافیا ہر چیز پر قابض ہونا چاہتا ہے اور اس مافیا نے 14 سال سے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ یہی وعدے وزیر اعلیٰ نے ٹرانسفارمیشن پلان کی میٹنگز میں کیے تھے لیکن جب پوچھا گیا کہ وعدہ کب پورا کریں گے؟ تو وزیر اعلیٰ نے تاریخ دینے سے انکار کیا۔
پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر نے کہا کہ جب وعدہ پورا نہیں کیا تو میں سی ایم ہاؤس میں میٹنگ سے واک آؤٹ کر گیا تھا۔
علی زیدی نے کہا کہ اب انہوں نے اپنے وعدے پر عمل کرنے کی بجائے کالا قانون متعارف کرا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ جانتے ہیں کہ زرداری مافیا نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ وفاق انہیں پولیس کو اپنی ذاتی ملیشیا کے طور پر استعمال نہیں کرنے دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم 27 فروری کو ہر صورت گھوٹکی سے کراچی مارچ کریں گے۔