پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے باچا خان ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹنگ کٹس غیر معیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ باچا خان ایئرپورٹ پر لیبارٹریز میں کورونا ٹیسٹنگ کٹس غیر معیاری ہونے کے علاوہ منیجر نے عملے کو بھی غیر تربیت یافتہ قرار دیا ہے۔
ایئرپورٹ منیجر نے کہا ہے کہ لیبارٹریز میں ٹیسٹ کا ریکارڈ محفوظ کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ائیر پورٹ منیجر نے کورونا ٹیسٹنگ فیس کم کر کے 3 ہزار روپے کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 42 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 372 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 830 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 42 ہزار 243 ہو گئی۔