کیف: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان پیوٹن کے دورہ ترکی سے پہلے یوکرین پہنچ گئے اور روس کے ساتھ ثالثی کی پیش کش کردی۔ یوکرین کے صدر نے ترک ہم منصب کی پیش کش کا خیر مقدم کیا۔
شدید کشیدگی کے باوجود یوکرین میں عالمی رہنماؤں کے ڈیرے، ترک صدر طیب اردوان اہم دورے پر کیف پہنچ گئے۔ روس اور یوکرین کے درمیان ثالثی کی پیش کش کر دی، یوکرین کے صدر نے پیش کش قبول کرتے ہوئے روس کے ساتھ مذاکرات ترکی میں کرنے کی حامی بھر لی۔
طیب اردواں نے کہا کہ ترکی دوست ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے کوشاں ہے، دونوں رہنماؤں نے آزاد تجارت سمیت آٹھ معاہدوں پر دستخط کئے، اس سے پہلے برطانوی وزیر بورس جانسن بھی یوکرین پہنچے اور یوکرین کو بھرپور حمایات کا یقین دلایا
دوسری جانب نیٹو کا کہنا ہے کہ روس نے مزید 30 ہزار افواج اور بھاری ہتھیار بیلا روس پہنچا دیئے ہیں، جنگی مشقوں کے لیے اپنا ائیر ڈیفنس سسٹم، S-400 بھی بیلا روس منتقل کردیا ہے۔
کریملن کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی افواج کی تعداد میں اضافہ کشیدگی کو مزید ہوا دے گا۔