لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب بے گناہ کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کی صبح طلوع ہوگی۔ یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن ممکن نہیں، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کو اب دبانا ممکن نہیں، غاصب مودی سرکار طاقت کے زور پر کشمیریوں کاجذبہ حریت ختم نہیں کرسکتی، پوری قوم کشمیریوں کی جدوجہدآزادی میں ساتھ ہے اور ہمیشہ ساتھ رہے گی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا، پاکستان نے ہر فورم پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مظالم کو اٹھایا ہے، وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر ہر عالمی فورم پر اٹھا کر کشمیریوں کے سفیر ہونے کا حق ادا کیا، شکست انڈیا کامقدر ہے، پاکستانی عوام کا کشمیریوں سے دل کا رشتہ ہے، بھارت اقلیتوں کا قبرستان بن رہا ہے، عالمی برادری کو آنکھیں کھولنا ہوں گی، مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا او رہم دیکھیں گے، اقوام عالم کی خاموشی کی وجہ سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔