اسلام آباد: سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نور خان ائیر بیس راولپنڈی پر سعودی وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
اس موقع پر شیخ رشید کے ہمراہ سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے جنہوں نے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیر بن سعود بن نائف کے ساتھ چھ رکنی اعلیٰ سعودی وفد کو خوش آمدید کہا۔
سعودی وزیر داخلہ اپنے پاکستانی ہم منصب شیخ رشید احمد کی خصوصی دعوت پر ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے داخلہ کی اپنے وفود کے ہمراہ باضابطہ ملاقات آج وزارت داخلہ میں ہوگی۔
سعودی وزیر داخلہ آج وزارت داخلہ کا دورہ کر کے اپنے ہم منصب شیخ رشید احمد سے دوبدو ملاقات بھی کریں گے جس میں علاقائی صورتحال سمیت سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔
سعودی وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ایک روز قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مذکورہ دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ گہرے، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ قطر، کویت، بحرین وغیرہ کے وزرائے داخلہ کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بیرون ملک جیلوں میں بند پاکستانی قیدیوں کی واپسی کے لیے ہرممکن کوششیں کر رہی ہے۔