کابل: (ویب ڈیسک) طالبان نے صوبے فریاب کے شہر میمنہ کے میئر کے لیے 25 سالہ نوجوان داملا محب اللہ موافق کا انتخاب کیا ہے جو افغان جنگ میں ماہر اسنائپر کے طور پر شہرت رکھتے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے فریاب کے شہر میمنہ میں 25 سالہ نوجوان کو میونسپل ورکز سے سیوریج لائن کھلواتے، سڑکوں سے پانی صاف کرواتے اور کچرا اُٹھواتے دیکھا جا رہا ہے جو اپنے دفتر میں شہریوں کے نجی جھگڑوں اور دیگر مسائل کو بھی حل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ نوجوان داملا محب اللہ موافق ہیں جو اس وقت فریاب کے شہر میمنہ کے میئر ہیں تاہم خاموش طبع لیکن اپنے کام میں جتے رہنے والا یہ نوجوان افغان جنگ میں طالبان کا سب سے اہم ترین اسنائپر تھا جس نے غیر ملکی فوجیوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لیا۔
داملا اللہ محب اللہ کا کہنا ہے کہ افغان وار کے دوران ان کی ذمہ داری غیر ملکی قبضے، ناانصافی اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنا تھی جب کہ اس وقت میرے اہداف ملک کی خوشحالی اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہے۔