یمن کی سیکورٹی بیلٹ فروسز نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی یمن میں اقوام متحدہ کے 5 کارکنان کو اغوا کرلیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پیراملیشیا فورسز کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اغوا ہونے والوں میں سے ایک کا تعلق ایڈن شہر میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے سیکورٹی اینڈ سیفٹی سے تھا جبکہ باقی 4 کارکنان یمن کے ہی شہری تھے۔
عہدیدار نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کے پانچوں کارکنان کو ضلع مودیہ کے علاقے الخودیارہ سے اغوا کیا گیا۔ عملہ صوبے شبوہ سے شہر ایڈن میں اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب رواں دواں تھا جب نامعلوم مقام پر کچھ مسلح افراد نے گاڑی روک کر انہیں اغوا کیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ترجمان رسیل گیکی نے بھی کارکنان کے اغوا ہوجانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے عملے کی رہائی کیلئے یمن کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔






































