لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 174 رنز بنائے، جو کلارک 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کی اننگز کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، کپتان بابر اعظم صرف 2 رنز بناکر پویلین لوٹے ، تاہم شرجیل خان اور جو کلارک کے درمیان 72 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر 77 رنز کے مجموعی اسکور پر کلارک 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کو تیسرا نقصان شرجیل خان کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 34 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ قاسم اکرم 13، روہیل نذیر اور محمد نبی 21، 21 رنز بناسکے۔
تاہم اختتامی اوورز میں عماد وسیم کے جارحانہ32 رنز نے ٹیم کا اسکور 174 رنز تک پہنچایا، وہ 16گیندوں پر 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔