نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں شادی کی تقریبات کے دوران 13 خواتین اور لڑکیاں حادثاتی طور پر کنویں میں گرنے سے چل بسیں۔
اے ایف پی کے مطابق بھارت کی بڑی ریاستوں میں سے ایک اتر پردیش کی پولیس نے بتایا کہ بدھ کو خواتین اور لڑکیاں کنویں کو ڈھکنے والے لوہے کے سلیب پر بیٹھی تھیں کہ وہ گرگیا۔
ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ ایس راجا لنگم کے مطابق کنواں کافی پرانا تھا اور اس کو ڈھانپنے والا سلیب، اس پر بیٹھے افراد کا وزن برداشت نہیں کرسکا۔ خواتین اور لڑکیاں نیچے گر کر ملبے تلے دب گئیں۔ خواتین اور بچے اپنے گاؤں میں شادی کی رسومات میں شرکت کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔
دوسری طرف بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ دل دہلا دینے والا تھا۔ مقامی انتظامیہ ہر ممکن مدد میں شامل ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں شادیوں کی تقریبات کافی بڑی ہوتی ہیں، جن میں مہمانوں کی تعداد کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ کئی روز تک چلتی ہیں۔
خیال رہے کہ 2017 میں شمال مغربی ریاست راجستھان میں ایک شادی کی تقریب میں شریک 24 افراد طوفان کے دوران دیوار گرنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔





































