لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں 8 ویں فتح اپنے نام کرلی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ جاری ہے، ایونٹ کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی تھی۔
ملتان سلطانز کے 246 رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے اور ول سمیڈ نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم ول سمیڈ صرف 1 رن بناکر ڈیوڈ ویلی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
جیسن روئے 38، احسان علی 1، عمر اکمل 50، افتخار احمد 4، سہیل تنویر 5، نور احمد 8، نسیم شاہ 2، غلام مدثر صفر پر آؤٹ ہوئے۔
سلطانز کے آصف آفریدی، ڈیوڈ ویلی اور شاہنواز دھانی نے 2،2 جبکہ عمران طاہر اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے لئے ملتان سلطانز نے دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ایس ایل کا دوسرا بڑا ہدف 246 رنز دیا۔
کپتان محمد رضوان نے سب سے زیادہ 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 54 گیندوں پر 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، رائیلی روسو 71 ، شان مسعود 57 اور خوشدل شاہ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹم ڈیوڈ صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عرفان، نسیم شاہ اور غلام مدثر نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔