فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے، آٹا، چینی، دالوں اور برائلر گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا، شہری دہائیاں دینے لگے۔
فیصل آباد میں رواں ہفتےبرائلر گوشت کی قیمت میں 65 روپے فی کلو کا بڑا اضافہ دیکھا گیا، نرخ 284 روپے فی کلو سے بڑھ کر 349 روپے تک پہنچ گئے۔ دال چنا کی فی کلو قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 200 روپے تک پہنچ گئی۔
چینی کی فی کلو قیمت 90 روپے فی کلو سے بڑھ کر 100 روپے فی کلو ہوگئی، دال ماش، دال مسور اور چاول کی قیمت میں بھی 10 سے 15 روپے فی کلو کا اضافہ دیکھا گیا۔ چقندر 42 روپے فی کلو سے بڑھ کر 60 روپے فی کلو، بند گوبھی کی قیمت 54 روپے فی کلو سے بڑھ کر 70 روپے فی کلو ہوگئی۔
شہریوں نے حکومت سے اشیائے خور و نوش کی قیمتوں پر قابو پانے کا مطالبہ کیا، واضح رہے کہ مارکیٹ کمیٹی ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہوچکی ہے۔