کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) اس وقت کیلیفورنیا میں انتہائی مطلوب جانور کا درجہ ایک بھالو کو حاصل ہے جو کھانے پینے کی تلاش میں درجنوں گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کرچکا ہے۔
ہینک دی ٹینک نامی ریچھ کا وزن 500 پونڈ ( 223) کلوگرام ہے اور یہ 25 گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کرچکا ہے۔ خوف اور دہشت کے شکار لوگوں کو دیکھتے ہوئے اسے پکڑنے ورنہ مار دینے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
کیلیفورنیا کے علاقے سیکرامینٹو میں واقع ساؤتھ لیک ٹیہو کیز کے درجنوں گھروں میں گھس کر تباہی پھیلانے والا یہ ریچھ اب خوف کی علامت بن چکا ہے۔ گزشتہ آٹھ ماہ سے یہ بار بار نمودار ہوتا ہے اور اسے دیکھنے کے بعد محکمہ حیوانات کے افسران کو 150 مرتبہ بلایا گیا تاہم یہ ہربار جل دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔
اپنے دیونما وجود کےساتھ آخری واردات میں یہ کھڑکی سے ایک گھر میں گھسا اور اسے کھانا درکار تھا۔ اندر موجود اہلِ خانہ نے نے پولیس کو بلایا تو اس کے شورمچانے پر یہ بھاگ کھڑا ہوا۔
اس سے قبل چار فروری کو اسے پکڑنے کے لیے پھندا لگایا گیا لیکن یہ اس کے نرغے میں بھی نہ آسکا۔ کیلیفورنیا کے جنگلات کے ساتھ 52 ہزار مربع میل میں اس وقت بھی 30 سے 40 ہزار بھاری بھرکم ریچھ موجود ہیں لیکن انہیں پکڑنے اور مارنے پر پابندی ہے۔
ریچھ کے ماہرین کے مطابق ریچھوں کو ایک سے دوسری جگہ بھیجنا مسئلے کا حل نہیں کیونکہ اکثر ریچھوں کو شکار نہیں ملتا اور وہ بھوک سے بے تاب ہوکر آبادی میں گھس آتے ہیں۔ دوسری جانب جانوروں کے حقوق کی تنظیموں نے اسے مارنے کے احکامات کی شدید مذمت بھی کی ہے۔
ماہرین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھر کے باہر لگے کچرے کے ڈبوں میں کھانے پینے کی اشیا نہ چھوڑیں اور بالخصوص بودار اشیا سے پرہیز کریں۔
