اسلام آباد: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کی جنگ سے عالمی معیشت بری طرح متاثر ہو گی اور اس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑیں گے، عالمی منڈی میں تیل، ایل این جی، ایل پی جی اور گندم مہنگی ہونے سے پاکستانیوں کے لیے مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
کورونا وباء کے بعد روس، یوکرین جنگ سے عالمی معیشت نئے بحران سے دوچار ہو گئی، پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسی صورتحال میں پاکستان کے لیے درآمدی گندم، خوردنی تیل، گھی ، خام تیل ، کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی امپورٹڈ اشیا ء بھی مہنگی ہو جائیں گی۔
ماہرین معاشیات کے مطابق کورونا کے بعد عالمی سطح پر ٹرانسپوٹیشن کا نظام ابھی تک مکمل بحال نہیں ہوسکا، اب روس یوکرین کشیدگی عالمی رسد کے سلسلے کو مزید متاثر کر سکتی ہے۔
عالمی پیداوار میں روس 12.5 فیصد حصے کیساتھ دنیا میں گندم پیدا کرنے والا سب سے بڑاملک ہے۔ روس پر پابندیاں دنیا کے کئی ممالک میں غذائی قلت کا بھی باعث بن سکتی ہیں۔