لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ آذربائیجان کو کامن ویلتھ ممالک میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
سپیکر نے دونوں ممالک کے تعلقات میں فروغ کیلئے آذربائیجان کے سفیرکے کردار کو سراہا۔
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے، حکومت آذربائیجان اور عوام مسئلہ ناگورونو کارباخ پر حکومت پاکستان کی حمایت پر مشکور ہیں۔
بعد ازاں آذربائیجان کے سفیر نے پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان کا دورہ بھی کیا۔