راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سنچری سکور کرنے والے قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری بنانے پر بہت خوش ہوں، لوگ میرے بارے میں کیا کہتے ہیں اس پر دھیان نہیں دیتا۔
قومی کرکٹر نے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیتھن لائن ورلڈ کلاس باؤلر ہے، مجھے یقین تھا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی دوں گا، بطور کرکٹر آپ کو ہمیشہ تیار رہنا چاہیے، مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترا۔
امام الحق نے مزید کہا کہ لوگ میرے بارے میں کیا کہتے ہیں اس پر دھیان نہیں دیتا، میری سنچری پر میرے والد بہت خوش ہیں، آج میں نے بہت الگ محسوس کیا ، کل کا دن نہایت اہم ہے، کوشش کروں گا اننگز کو آگے بڑھاتا رہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اظہر علی نے میرا بھرپور ساتھ دیا ہے، اننگز کے شروع میں میرے دماغ میں بہت چیزیں چل رہیں تھی،سابق کپتان کے حوصلے کی وجہ سے اچھی اننگز کھیلیں۔
خیال رہے کہ امام الحق آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر 132 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔