اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پشاور دھماکے میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت ہو گئی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پشاو دھماکے کے تینوں ملزمان تک خیبر پختونخوا پولیس اور تحقیقاتی ادارے پہنچ چکے ہیں اور تینوں ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے۔ پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے بہترین کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس آئندہ ایک 2 روز میں ملزمان تک پہنچ جائے گی۔
نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزارت داخلہ میں نوازشریف کی طرف سے پاسپورٹ کی کوئی درخواست نہیں آئی اور حزب اختلاف کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کا شور مچایا جا رہا ہے لیکن اجلاس کی ریکوزیشن کی درخواست بھی ابھی موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کی ریکوزیشن اور عدم اعتماد کی تحریک دو مختلف چیزیں ہیں جبکہ عدم اعتماد کی تحریک پر بھی 2 سے 3 دن اسپیکر کے پاس ہوتے ہیں اور پھر 7 دن تقریریں اور ووٹنگ ہوتی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حزب اختلاف عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ کرے۔ ملک سیلاب، زلزلوں یا بیماریوں سے تباہ وبرباد نہیں ہوتے بلکہ ملک کو افواہوں، تخریب کاری اور انتشار کی باتوں سے نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور جو مرضی تحریک لے آئیں۔ انہیں پہلے بھی شکست ہوئی تھی اور اب بھی ہو گی۔ پاکستان آگے بڑھنے کی طرف جا رہا ہے اور بعض لوگ انتشار کو ہوا دے رہے ہیں۔