کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ میزبان ٹیم کو اپنی مرضی اور استعداد کے مطابق وکٹ بنانے کا حق ہوتا ہے ، کراچی میں بھی ہم اپنی مرضی کے وکٹ بنائیں گے جس کا جلد فیصلہ آنے کا امکان ہے ،ٹیسٹ کے نتیجے خیز ہونے کی امید ہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران محمد یوسف نے بتایا کہ پنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کے حوالے سے پی سی بی کے سربراہ رمیز راجہ کا جواب سامنے آ چکا ہے ، بیرون ملک ہماری مرضی کی وکٹیں نہیں ملتیں، خوشی کی بات ہے کہ ہماری بیٹنگ لائن توقعات پر پورا اتر رہی ہے ، امید ہے کہ بیرون ملک بھی اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔ سابق ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ پنڈی میں پاکستان کی بیٹنگ دیکھ کر خوشی ہوئی، کم بیک کرنے والے امام الحق کے ساتھ تیسرا ٹیسٹ کھیلنے والے عبداللہ شفیق اور سینئر بیٹر اظہر علی نے عمدہ کھیل پیش کرکے ٹیم کو فائدہ پہنچایا، ہم پنڈی کے 12 سیشن میں آسٹریلیا پر حاوی رہے ، کراچی میں منعقدہ کیمپ سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا۔ محمد یوسف نے کہا کہ ہر میزبان ملک اپنی وکٹوں سے فائدہ اٹھاتا ہے ، بیرون ممالک جاکر مہمان سائیڈز کو مشکلات کا سامنا ہی کرنا پڑتا ہے ، بھارت نے بھی اپنی وکٹوں سے فائدہ اٹھایا، پاکستان میں گراس روٹ پر بہت ٹیلنٹ موجود ہے جبکہ پی ایس ایل سے بھی اچھے کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں، ہم اپنے کھلاڑیوں کو اعتماد اور حوصلہ دے رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ کھلاڑی بیرون ملک جاکر بھی اپنی اچھی کار کردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے ، نیشنل سٹیڈیم کی وکٹ دیکھ کر محسوس ہورہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن ثابت ہوگا۔