کوئٹہ: (ویب ڈیسک) شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا چاہیے، الیکشن میں ایک سال رہ گیا، ایسا نہ ہو دس سال انتظار کرنا پڑے، تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی، یہ اپنی شکست تسلیم کر کے پرانی تنخواہ پر کام کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کوئٹہ ائیر پورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پانچ سال کی مدت پوری کر ینگے، تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو ناکامی ہو گی، اس لئے اپوزیشن تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے، حکومت نے تو سات روز قبل ہی پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ لاجز ایف سی اور رینجرز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ امن و امان کا کوئی گلہ نہ رہے، حکومت آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو بھی طلب کر سکتی ہے لیکن نوبت ابھی یہاں تک نہیں پہنچی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مقصود چپڑاسی کے بارے میں شہباز شریف ہی بہت بہتر بتاسکتے ہیں کیونکہ وہ اُن کا قریبی ہے، کسی نجی ملیشیاء بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن نے ہارنا ہے اور اس کے بعد بھی ہمیں تنگ کئے رکھنا ہے، مولانا فضل الرحمان سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر مولانا غفور حیدری نے بھی مجھ سے گلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وراثتی سرٹیفکٹس نادرا کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔