کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی فیصلہ کرینگے، جو بھی فیصلہ ہوگا بلوچستان کے مفاد میں ہوگا، اگر صوبے میں بھی تبدیلی آنی ہے تو اسے کوئی روک نہیں سکتا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا تھا، تھریٹس آتے رہتے ہیں، ہم ہر قسم کے تھریٹ کے لیے تیار ہیں، عوام کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبے میں کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز تیار ہیں، حکومت ہر حال میں اپنی رٹ قائم رکھے گی۔
اسلام آباد دورے کے حوالے سے عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بجٹ کی تیاری سمیت اہم میٹنگز کے لیے اسلام آباد گئے تھے، عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بی اے پی کے ایم این ایز فیصلہ کرینگے، بلوچستان میں جو تبدیلی آنی ہے اسے روکا نہیں جا سکتا، میرے پاس منصب ایک دن ہو یا 100 دن، میں صوبے کی بہتری کے لیے کام کرنے آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت بنانے کے لیے کوئی پیسے نہ دیے اور نہ لیے، ساڑھے تین ارب روپے میں حکومت قائم کرنے والی خبروں میں صداقت نہیں، جام صاحب ہم ہیں اور ہم جام صاحب ہیں۔