نامور اداکار حبا بخاری نے شادی کے بعد جوائنٹ فیملی سسٹم میں جانے والی لڑکیوں کو کچھ بنیادی ٹپس دی ہیں۔
حبا بخاری ان دنوں میزبان و اداکارہ نادیہ خان کے ساتھ ایک ڈرامے کی عکسبندی میں مصروف ہیں جہاں سیٹ پر نادیہ نے حبا کے ساتھ ایک دلچسپ ویڈیو بنائی اور اسے اپنے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کیا۔
نادیہ نے حبا سے شادی کے بعد زندگی میں ہونے والی تبدیلیوں اور شوہر اداکار آریز سے متعلق بھی سوالات پوچھے۔
نادیہ خان نے حبا بخاری سے پوچھا کہ آپ جوائنٹ فیملی میں رہتی ہیں، بتائیں گھر میں کون کون ہیں اور اس حوالے سے لڑکیوں کو کیا مشورے دینا چاہیں گی کہ وہ کن باتوں کا خیال رکھیں؟ جس پر اداکارہ نے بتایا کہ ان کے گھر میں ساس سسر سمیت آریز کے بھائی بھی رہتے ہیں اور سسرال میں میرا ہر کسی کے ساتھ ایک مخصوص تعلق ہے۔
جوائنٹ فیملی کے حوالے سے حبا نے کیا کہا؟
حبا نے بتایا کہ جب میری شادی ہوئی تو سب نے مجھے پرائیویسی دی، اگر میرا کمرہ بند ہے تو کوئی اسے کھولتا نہیں تھا، میری چیزوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگاتا تھا اور فریج میں بھی کچھ کھانے کے لیے رکھا ہے تو وہ ایسے ہی رکھا ہوتا تھا۔