راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مصر کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، سپہ سالار نے پاکستان اور مصر کے باہمی تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ کی جی ایچ کیو آمد ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی علاقائی سلامتی، دفاعی اورسکیورٹی کے تمام شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین حقیقی برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کےمابین ہرشعبےمیں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کانفرنس ایک تاریخی پیش رفت ہے، کانفرنس میں افغانستان میں انسانی صورتحال پر غور، عالمی برادری سے تعاون پر بات ہوگی، خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مصری وزیرخارجہ نےعلاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور پاکستان کیساتھ سفارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کےعزم کا اعادہ کیا۔





































