تازہ تر ین

وزیر اعظم اور کابینہ کی منظوری سے فوج طلب کر سکتے ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور کابینہ کی منظوری سے فوج بھی طلب کی جا سکتی ہے، دھرنا دینے والوں کو دھر لیا جائے گا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو جلسوں کی اجازت دی گئی ہے اور کل تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہو گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن بھی جمع کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کل اسلام آباد آ رہے ہیں اس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس لیے سری نگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کر دی ہے۔ امن و امان کے لیے 15 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ن لیگ نے سری نگر ہائی وے کی درخواست دی جسے ہم نے مسترد کیا ہے اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سینیٹر نے کہا ہے کہ ہم قانون کی پاسداری کریں گے۔ عدالت کے احکامات پر ہم سختی سے عمل کریں گے تاہم اسپیشل برانچ سے اطلاعات ہیں اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ریلیوں میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے تاہم 2 ہزار رینجرز، 2 ہزار ایف سی اور 2 ہزار دیگر اہلکار سرینگر ہائی وے پر تعینات ہوں گے۔ اسلام آباد میں جلسے کی سب کو اجازت ہے تاہم دھرنے کی اجازت کسی کو نہیں۔ جے یو آئی کو اگر کل بھی جلسہ کرنا ہے تو نئی درخواست دینی ہوگی اور ایچ نائن گراؤنڈ جے یو آئی کو دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں اور اراکین کو تحفظ دیں گے۔ منحرف لوگ اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں تاہم اللہ کو منظور ہوا تو اتحادی ہمارے ساتھ ہوں گے۔ ساری دنیا کی نظریں پاکستان کی جانب مبذول ہیں۔ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون ان کو ہاتھ میں لے گا۔
موجودہ صورتحال پر مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر یقینی کی صورتحال سے دشمن فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اہم دن ہے اس لیے سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور میں بتا نہیں سکتا کہ ملک دشمنوں کا ایجنڈا کیا تھا تاہم عدم اعتماد کی تحریک ختم ہونے کے بعد بریکنگ دوں گا۔ وزارت داخلہ وزیر اعظم اور کابینہ کی منظوری سے فوج بھی طلب کر سکتی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ ایسی صورتحال پیدا ہوجائے کہ فوج بلانی پڑے اسی لیے اپوزیشن والوں سے کہہ رہا ہوں ٹکراؤ سے گریز کریں اور ہماری کوشش ہے کہ یہ 7دن خوش اسلوبی سے گزریں۔ عمران خان ان دنوں بہت مقبول ہوئے ہیں جبکہ وزیر اعظم کو گورنر راج کی تجویز دی تھی جو مسترد کر دی گئی۔ میری رائے ہے کہ وقت سے پہلے انتخابات کی طرف جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان میری رائے سے اتفاق کرتے ہیں تو صحیح ہے۔ عمران خان کو کہا ہے بجٹ کے بعد الیکشن کی جانب جانا چاہیے۔ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور میں جس شخص کو جانتا ہوں ان کا نام عمران خان ہے۔ امتحان کے وقت دوست ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھیں اور ہم امن و امان برقرار رکھنے کے پابند ہیں۔ ریڈ زون میں کسی کے داخلے کی اجازت نہیں ہو گی اور راولپنڈی کی ریلی سب سے بڑی ریلی ہو گی۔ دبئی میں جو بیٹھا ہے ہم اسے گرفتار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی کو کہا ہے جو پاک فوج کے خلاف مہم چلا رہے ہیں ان کو گرفتار کریں۔ کسی نے دھرنا دیا تو ہائیکورٹ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کریں گے اور دھرنا دینے والے دھر لیے جائیں گے۔ کہاں گیا ان کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ؟ اسلام آباد کی فضاعمران خان کے حق میں بدل چکی ہے اور حالات بہتری کی جانب دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ناظم جوکھیو کے قتل میں نامزد ملزم دبئی سے آ رہے ہیں اور جام عبد الکریم کو گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ دیکھیں گے کہ جام عبد الکریم کا نام انٹرپول اورای سی ایل میں کیسے ڈالا جائے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain