آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ ہمارا پاکستان میں تجربہ شاندار رہا، یہ ایک تاریخی دورہ ہے جو ایک عرصہ کے بعد ہوا، بہت اچھی کرکٹ ہوئی، میزبانی شاندار رہی، کرکٹ کا معیار غیر معمولی رہا ہے اور دورہ ہمیشہ یاد رہے گا۔
آن لائن پریس کانفرنس میں آسٹریلیا کے کوچ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے ون ڈے سیریز شاندار کھیلی ہے، پاکستانی کرکٹرز نے عمدہ کھیل پیش کیا، پاکستان کے ایمرجنگ کھلاڑی بھی اچھا کھیل رہے ہیں، ون ڈے سیریز میں کئی کھلاڑیوں کو موقع ملا، ہم نے بہترین ون ڈے سائیڈ میدان میں اتارنے کی کوشش کی۔
اینڈریو میکڈونلڈ نے مزید کہا کہ ٹریوس ہیڈ نے زمہ داری لی جس کا فائدہ ہوا، ہم تینوں ٹاس ہارے ہیں، لیکن پہلا میچ جیتے جبکہ دوسرا میچ جیتنے کا ہمارے پاس موقع تھا، کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ میری ابھی تفصیلی بات نہیں ہوئی، مستقبل میں میری جاب کا کیا ہوتا ہے اس کا ابھی علم نہیں، میرے لئے یہاں کوچنگ کا تجربہ بھی شاندار رہا، بہت لطف اندوز ہوا ہوں، ایرون فنچ بھی اپنی حالیہ فارم کی وجہ سے مایوس ہے، وہ ویسا نہیں کھیل پا رہے جیسے ان سے امید ہوتی ہے، فنچ کے ساتھ کام ہو رہا ہے جہاں ان کو مشکل پیش آ رہی ہے وہ بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں۔
آسٹریلیا کے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ ڈینئل ویٹوری نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعد آسٹریلیا کو پاکستان کھیلتے دیکھا، پاکستان میں کرکٹ دیکھ کر کافی خوشی ہوئی،یہاں میری کرکٹ کی کافی یادیں وابستہ ہیں، 2002 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ آج بھی یاد ہے، انضمام الحق نے شاندار بیٹنگ کی، شعیب اختر اور ثقلین مشتاق نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے پاکستان میں کرکٹ کو بہت انجوائے کیا، پاکستان میں کھلاڑی محفوظ رہے، میں خود اس ٹور کے حوالے سے لوگوں کو بتاؤں گا، امید ہے مستقبل میں مزید ٹیمیں پاکستان آئیں گی، ٹیسٹ کرکٹ میں جو شائقین کا جذبہ تھا وہ قابل تعریف ہے۔