نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ایشیاکپ کی میزبانی کا فیصلہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) فائنل کے بعد ہوگا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا کہ سری لنکا میں جاری معاشی بحران کے باعث ایشیاکپ کی میزبانی پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں تاہم حتمی فیصلہ آئی پی ایل فائنل کے بعد کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ سے ایشیاکپ کی میزبانی سے حوالے سے بات ہوئی ہے، جس میں لنکن بورڈ کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ محفوظ طریقے سے مینز ایشیاکپ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 29 مئی کو آئی پی ایل فائنل کے بعد ایشیاکپ کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کوویڈ-19 کے عالمی بحران کے باعث سیاحت مکمل بند ہوگئی تھی جس کے باعث سری لنکا کو شدید معاشی بحران کا سامنا ہے جبکہ حکومت خلاف مظاہرے بھی کیے جارہے ہیں۔