لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب عدالت میں چیلنج کریں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز نے پنجاب اسمبلی میں غنڈہ گردی کی روایت قائم کر دی، پنجاب کی تاریخ میں کبھی پولیس اسمبلی ہال میں داخل نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے فوٹوگرافر پر بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا, وہ شدید زخمی ہیں، اسمبلی گیلری کبھی آئینی نہیں ہوتی وہاں ووٹنگ کرائی گئی۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ عدالت سے درخواست کرتے ہیں کہ خدارا اس معاملے کا نوٹس لیں، پولیس اس وقت جاتی امرا اور شریف فیملی کی ہدایات کو مان رہی ہے، آج پولیس فورس کے گلوبٹ اسمبلی ہال میں داخل ہوئے، آج ایک غیر آئینی طریقے سے مائیک لگا کر اجلاس کیا جا رہا ہے۔
فیاض الحسن نے کہا کہ عدلیہ سے ہاتھ جوڑ کر مطالبہ کریں گے کہ نوٹس لیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب عدالت میں چیلنج کریں گے، امید کرتے ہیں کہ عدالت ویسے ہی سوموٹو لےگی جیسے لیا گیا تھا، عدالت سے درخواست کرتے ہیں کہ اب اتوار کو بھی عدالت کھول لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ انتخابی عمل نہیں مانتے اس کو چیلنج کریں گے، ڈپٹی اسپیکر کو ہمارے ممبران اسمبلی سمجھانے گئے تھے، ڈپٹی اسپیکر کو کہا کہ آپ جانبدار ہو چکے ہیں ووٹنگ نہیں کرا سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس پہلے سے موجود تھے جنہوں نے ہمارے ارکان پر تشدد کیا، امید ہے کہ عدالت ویسے ہی نوٹس لےگی جیسے 20 دنوں میں لیے گئے۔