کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان بھی اسرائیلی جارحیت کے لیے بول پڑے، کہا فلسطین کے حالات پریشان کن ہیں، فلسطینیوں کے ساتھ مسلسل بدسلوکی اور انہیں اذیتیں دی جا رہی ہیں۔
عامر خان نے فلسطینی عوام کے لیے 50 ہزار پاونڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میری دعائیں فلسطین کے لوگوں کے ساتھ ہیں، اس مہم میں شامل ہونے والوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔
عامر خان نے اپنی ٹوئٹ میں فلسطین میں کیے جانے والے مظالم کی تصاویر بھی شئیر کیں۔
دوسری جانب قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ پر ایک بار پھر حملہ کر دیا، مسجد اقصیٰ میں داخل ہوکر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بناںے سے 17 فلسطینی شدید زخمی ہوگئے۔
نہتے فلسطینیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تو اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی، جبکہ اسرائیلی فورسز نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔
یاد رہے جمعے کے روز اسرائیلی فوج نے نماز فجر میں آئے نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس میں 152 نمازی زخمی اور 3 سو سے زائد افراد گرفتار ہوئے تھے۔