اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ٹیلیفون کیا، شہباز شریف نے دورہ پاکستان کی دعوت دے دی، شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی سفیر نے بھی ملاقات کی اور وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ٹیلیفونک گفتگو میں وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار اور امیرِ قطر کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے امیرِ قطر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔
شہباز شریف نے افغان امن عمل میں قطر کے کردار کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک افغان عوام کے لیے امن ، استحکام اور انسانی امداد کے لیے مل کر کام کرتے رہیں۔
وزیر اعظم نے پاکستان اور قطر کے مابین معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مواصلات، فوڈ سیکیورٹی اور دیگر اہم شعبے پاکستانی افرادی قوت کی فلاح و بہبود کے لیے قطر کے اقدامات کو بھی سراہا۔