لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسجد نبویؐ میں پیش آنیوالے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، اس سے پاکستان کی بدنامی ہوئی۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسجد نبویؐ میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، واقعے سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کا امیج متاثر ہوا ہے۔ انہیں رمضان المبارک میں مقدس مقام کی بےحرمتی نہیں کرنی چاہیے تھی۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسجد نبویؐ میں احتجاج نے ہنگامے کی صورت اختیار کرلی، شاہ زین بگٹی سے بدسلوکی کی گئی، انکے بال نوچےگئے، مسجد نبویؐ میں ایسی بدسلوکی نہیں ہونی چاہیےتھی، مقدس مقامات کا ادب واحترام پامال نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ ناخوشگوار واقعہ دو روز قبل اس وقت پیش آیا تھا جب وزیراعظم شہباز شریف کے وفد کے ہمراہ مسجد نبوی ﷺ پہنچنے پر لوگوں نے چور چور کے نعرے لگا دیے تھے۔